حنیف عباسی کا واشک اور مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
حنیف عباسی کا واشک اور مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کامیاب آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے حمایت یافتہ 12 فتنہ الخوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے سکیورٹی فورسز نے عظیم کامیابی حاصل کی ہے۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ہماری بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اپنی اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیت، جرأت اور بے مثال قربانی کے جذبے سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لئے باعثِ فخر ہیں اور پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک بلا تعطل جاری رہیں گی جب تک وطنِ عزیز کو اس ناسور سے مکمل طور پر پاک نہیں کر دیا جاتا، پاکستان کے امن، سلامتی اور استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردوں یا ان کے سہولت کاروں کے لئے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔








