ایف جی ای ایچ اے نے 132 کنال اراضی واگزار کر کے 38 متاثرین میں الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کر دیئے
ایف جی ای ایچ اے نے 132 کنال اراضی واگزار کر کے 38 متاثرین میں الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کر دیئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے سیکٹر جی-15/3 میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کے دوران 132 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا کے 38 متاثرین میں پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کر دیئے۔ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی ہدایت پر سیکٹر جی-15/3 کے متاثرین میں الاٹمنٹ لیٹرز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر و لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر الماس صبیح ثاقب، ڈائریکٹر لینڈ اینڈ انفورسمنٹ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، اتھارٹی کے سینئر افسران، متعلقہ حکام، متاثرین اور الاٹیز نے شرکت کی۔پریس ریلیز کے مطابق سیکٹر جی-15/3 میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 132 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی جبکہ اس اراضی سے متعلق 38 متاثرین کو تقریب کے دوران پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز اور متعلقہ دستاویزات فراہم کی گئیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر و لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر الماس صبیح ثاقب نے کہا کہ متاثرین میں الاٹمنٹ لیٹرز کی تقسیم ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے الاٹیز سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی شفافیت، میرٹ اور عوام دوست پالیسیوں کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، معیاری تعمیرات اور الاٹیز کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے ایف جی ای ایچ اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ الاٹمنٹ لیٹرز کی تقسیم سے متاثرین اور الاٹیز کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور منصوبے کی ترقی کو بھی نئی رفتار ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈائریکٹر جنرل کی قیادت میں ترقیاتی سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی تاکہ الاٹیز کو جلد بنیادی سہولیات کے ساتھ اپنی جائیدادوں سے استفادہ کرنے کا موقع مل سکے۔تقریب میں شریک متاثرین اور الاٹیز نے ایف جی ای ایچ اے کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور شفافیت، میرٹ اور بروقت منصوبوں کی تکمیل کے عزم پر اعتماد کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر الماس صبیح ثاقب اور ڈائریکٹر لینڈ اینڈ انفورسمنٹ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے معیاری اور جدید رہائشی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔








