شفاف نتائج دے کر وزیر اعلی پنجاب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، رانا سکندر حیات
شفاف نتائج دے کر وزیر اعلی پنجاب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، رانا سکندر حیات
لاہور۔6اگست (اے پی پی):وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تمام بورڈز کا میٹرک کا نتیجہ بیک وقت ڈکلئیر کردیا۔ میٹرک کا رزلٹ آن لائن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شفاف نتائج دے کر ہم نے وزیر اعلی پنجاب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے تمام بورڈز کو پوزیشن ہولڈرز کے نقد انعام کی رقم 20 ہزار سے بڑھا کر ایک ایک لاکھ روپے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامی رقم بڑھائی ہے۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں نقد انعام کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔
رزلٹ ڈکلئیرکرنے اور تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ اس بار نتائج کی تیاری میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی گئی ہے، رزلٹ کارڈ بھی ہارڈ پرنٹ کی بجائے طلبہ آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نجی سکولوں کے طلبہ تعلیمی اداروں کے پورٹل سے رزلٹ کارڈ لے سکیں گے جبکہ حاصل کئے جانے والے رزلٹ کارڈز ویریفائیڈ ہوں گے، طلبہ کو تصدیق کروانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبہ کی سہولت کیلئے اے آئی چیٹ بورڈ بھی متعارف کروا دیا گیا ہے جس پر وہ مطلوبہ معلومات لے سکیں گے ،انہیں بورڈ آفس کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ بورڈز کو ڈیجیٹلائز کرنے کی طرف گامزن ہیں،پیپرز چیکنگ کا سٹینڈرڈ بہتر کرتے ہوئے آئندہ سال سے مکمل سکرین مارکنگ کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرلائزڈ چیکنگ کا نظام بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے،آئندہ سال سے طلبہ کیو آر کوڈ کی مدد سے اپنا پیپر ری چیک کرنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بوٹی مافیا کا 95 فیصد خاتمہ کر دیا ہے، اس مرتبہ کسی نے نہیں کہا کہ سنٹرز بکے ہوئے ہیں یا کسی سے پرچہ حل کروانے کے پیسے لئے گئے ہیں۔وزیر تعلیم نے کہا کہ آج سرکاری یونیورسٹیوں میں طلبہ کی انرولمنٹ بڑھ رہی ہے جو پبلک سیکٹر پر طلبہ کے اعتماد کا اظہار ہے۔









