اسلام آباد انتظامیہ کی ڈینگی کے خلاف مہم تیز، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 16 افراد گرفتار

اسلام آباد انتظامیہ کی ڈینگی کے خلاف مہم تیز، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 16 افراد گرفتار

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری انتظامیہ نے ڈینگی کی روک تھام کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں جن کے دوران ڈینگی ضوابط کی خلاف ورزی اور مچھروں کی افزائش کا باعث بننے پر 16 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر مختلف سیکٹرز اور گنجان آباد علاقوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے سیکٹر جی 10 میں معائنے کے دوران کھڑے پانی اور نامناسب صفائی کی بناء پر 5 افراد کو حراست میں لیا جبکہ کیپٹل کے دیگر علاقوں سے مزید 11 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں، چھتوں، پلاٹوں اور تعمیراتی جگہوں پر پانی جمع نہ ہونے دیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ حکام نے کہاہے کہ ڈینگی کنٹرول مہم روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گی اور عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔