این پی سی میں جلد اور بالوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد
این پی سی میں جلد اور بالوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):نیشنل پریس کلب(این پی سی)اسلام آباد کی جانب سے اپنے ممبران اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں جلد اور بالوں کی صحت سے متعلق ایک خصوصی مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر امراض جلد ڈاکٹر عباس شاہ نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا، انہیں مختلف جلدی اور بالوں کے امراض سے متعلق مفید طبی مشورے دئیے اور احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔میڈیکل کیمپ میں نیشنل پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مفت طبی سہولت سے استفادہ کیا۔ ڈاکٹر عباس شاہ نے مختلف جلدی بیماریوں، بالوں کے جھڑنے، الرجی، ایکنی، فنگس، ایگزیما اور دیگر مسائل کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو ان کی بیماری کے مطابق علاج، ادویات اور احتیاطی تدابیر تجویز کیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جلد اور بالوں کی صحت مجموعی جسمانی صحت کا اہم حصہ ہے، اس لیے بروقت تشخیص، مناسب علاج اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے ۔








