ورلڈ کپ روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کو فارن ڈیلی الاؤنس پیشگی ادا
ورلڈ کپ روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کو فارن ڈیلی الاؤنس پیشگی ادا

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کے بینک اکاؤنٹس میں 2 کروڑ روپے کا فارن ڈیلی الاؤنس (ڈی اے) پیشگی طور پر منتقل کر دیا ہے،ایڈوانس ادائیگی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ دورے کے دوران کھلاڑی اور آفیشلز مالی طور پر آسودہ رہیں اور اپنی تمام تر توجہ ورلڈ کپ میں اپنی تیاریوں اور کارکردگی پر مرکوز رکھ سکیں۔
پیشگی ڈیلی الاؤنس کے علاوہ پی ایچ ایف نے ٹیم کی شرکت کے لئے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کر لئے ہیں جن میں بین الاقوامی فضائی ٹکٹس، معیاری ہوٹل میں رہائش و طعام، مقامی ٹرانسپورٹ، تربیتی سہولیات، لاجسٹکس اور کھیل کے سامان کی منتقلی شامل ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کی فلاح و بہبود اور سہولیات فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں اور کوچز کو صرف کھیل پر توجہ دینی چاہئے، فیڈریشن نے روانگی سے قبل ہی تمام مالی اور لاجسٹک انتظامات مکمل کر لئے ہیں، 2 کروڑ روپے کی پیشگی ادائیگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم عالمی ہاکی کے سب سے بڑے سٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ٹیم کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ پی ایچ ایف نے امید ظاہر کی ہے کہ بروقت کئے گئے ان اقدامات سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور وہ ورلڈ کپ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس تاریخی ٹورنامنٹ کے لئے قومی ٹیم کی تیاریوں کو مضبوط بنانے میں مسلسل تعاون پر اپنے اسپانسرز، معاونین اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔








