سالانہ کیپیسٹی ٹیسٹ میں ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ کامقررہ پیداواری صلاحیت سے زیادہ کارکردگی کا مظاہرہ

سالانہ کیپیسٹی ٹیسٹ میں ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ کامقررہ پیداواری صلاحیت سے زیادہ کارکردگی کا مظاہرہ

سلام آباد۔6اگست (اے پی پی):چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت قائم 1320 میگاواٹ صلاحیت کے حامل ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ نے ایک بار پھر اپنی اعلیٰ آپریشنل کارکردگی کا ثبوت دیتے ہوئے سالانہ کیپیسٹی ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیا۔ ٹیسٹ کے دوران پلانٹ نے اپنی اصل مقررہ پیداواری صلاحیت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی استعداد کا مظاہرہ کیا جو پلانٹ کے موثر آپریشن، مضبوط دیکھ بھال کے نظام اور انجینئرنگ و آپریشنز ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح اظہار ہے۔

جاری بیان کے مطابق سالانہ کیپیسٹی ٹیسٹ انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او)، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ (سی پی پی اے-جی)، نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) اور دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے پاور پرچیز ایگریمنٹ (پی پی اے) کے تقاضوں کے مطابق منعقد کیا گیا تاکہ پلانٹ کی قابل اعتماد پیداواری صلاحیت کی تصدیق کی جا سکے۔ٹیسٹ کے دوران مین میٹرنگ سسٹم کے مطابق پلانٹ کی دستیاب پیداواری صلاحیت 1246.500 میگاواٹ جبکہ بیک اپ میٹرنگ سسٹم کے مطابق 1247.137 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ یہ دونوں نتائج پلانٹ کی اصل مقررہ صلاحیت 1243.517 میگاواٹ سے زیادہ رہے جو کمرشل آپریشن شروع ہونے کے تقریباً ایک دہائی بعد بھی پلانٹ کی بہترین تکنیکی حالت اور مسلسل اعلیٰ کارکردگی کا ثبوت ہیں۔ٹیسٹ کے موقع پر آئی ایس ایم او، سی پی پی اے-جی اور این جی سی کے سینئر حکام موجود تھے جنہوں نے ساہیوال پاور پلانٹ کی شاندار آپریشنل کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے 2017ء میں کمرشل آپریشن شروع ہونے کے بعد سے ملک کے قابل اعتماد اور موثر بیس لوڈ پاور سٹیشنز میں شامل قرار دیا۔ انہوں نے پلانٹ کی مسلسل دستیابی، بھروسہ مند بجلی کی فراہمی اور اعلیٰ کارکردگی کی تعریف کی۔

سالانہ کیپیسٹی ٹیسٹ کسی بھی پاور پلانٹ کی قابل اعتماد پیداواری استعداد جانچنے کا سرکاری معیار ہوتا ہے۔ مقررہ صلاحیت سے زیادہ نتائج حاصل کرنا ایک اہم سنگ میل ہے جو موثر مینٹیننس، مضبوط انجینئرنگ طریقہ کار اور مسلسل تکنیکی بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔یہ ٹیسٹ بجلی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے متعلقہ اداروں کے نمائندوں کی نگرانی میں مکمل کیا گیا جہاں تمام آپریشنل پیرامیٹرز کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تاکہ معاہدے اور تکنیکی معیار پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ ٹیسٹ کی کامیاب تکمیل پلانٹ کے آپریشنز، مینٹیننس، الیکٹریکل، مکینیکل، انسٹرومنٹیشن، کیمسٹری، فیول ہینڈلنگ، سیفٹی، کمرشل اور انتظامی شعبوں کے درمیان مثالی ہم آہنگی کا مظہر رہی۔

یہ کامیابی ایسے وقت میں حاصل ہوئی ہے جب پاکستان میں شمسی توانائی کی بڑھتی ہوئی پیداوار کے باعث بجلی کی طلب کا انداز تبدیل ہو رہا ہے جس سے کیپیسٹی ٹیسٹ کے شیڈول میں نئے چیلنجز پیدا ہوئے ہیں۔ ان حالات کے باوجود ساہیوال پاور پلانٹ نے قومی گرڈ حکام کے ساتھ موثر رابطے اور آپریشنل طریقہ کار پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیا۔2017ء سے کمرشل آپریشن کے آغاز کے بعد سے ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ ملک کے انتہائی قابل اعتماد اور موثر تھرمل پاور سٹیشنز میں شمار ہوتا ہے۔ پاکستان کے اہم لوڈ سینٹر کے قریب واقع یہ پلانٹ قومی گرڈ کے استحکام اور ملک بھر میں بجلی کی قابل اعتماد فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ جدید سپرکریٹیکل ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ منصوبہ اعلیٰ کارکردگی کے ساتھ سخت ماحولیاتی معیارات پر بھی پورا اترتا ہے۔

سالانہ کیپیسٹی ٹیسٹ میں حاصل ہونے والی حالیہ کامیابی نے ایک بار پھر ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ کی آپریشنل برتری اور قابل اعتماد کارکردگی کو ثابت کر دیا ہے۔ یہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ منظم دیکھ بھال، تکنیکی مہارت اور مضبوط ٹیم ورک کے ذریعے پلانٹ آج بھی اپنی اصل ڈیزائن کردہ صلاحیت سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی توانائی سلامتی میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔پلانٹ کی انتظامیہ نے اس نمایاں کامیابی پر تمام شعبوں کے افسران اور ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیت، انتھک محنت اور بھرپور ٹیم ورک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی اجتماعی کاوشیں ادارے کی مسلسل کامیابی کی بنیاد ہیں۔سالانہ کیپیسٹی ٹیسٹ کی کامیاب تکمیل نہ صرف ادارے کے مضبوط ٹیم ورک کی عکاس ہے بلکہ اس عزم کی بھی تجدید کرتی ہے کہ ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ مستقبل میں بھی پاکستان کے قومی گرڈ کو محفوظ، قابل اعتماد اور موثر انداز میں بجلی کی فراہمی جاری رکھے گا۔