میکسیکو فٹ بال فیڈریشن کا فیفا صدر جیانی انفینٹینو کی حمایت کا اعلان
میکسیکو فٹ بال فیڈریشن کا فیفا صدر جیانی انفینٹینو کی حمایت کا اعلان

مزید خبریں
میکسیکو سٹی۔7اگست (اے پی پی):میکسیکن فیڈریشن آف فٹ بال نے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قیادت پر اعتماد کا اعلان کیا ہے۔
سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق تنظیم نے جاری کردہ ایک باضابطہ بیان میں فیفا کے اقلیتی حصص نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کے منصوبے سے پیدا ہونے والے حالیہ تنازع کے باوجود جیانی انفینٹینو کی حمایت کی۔ بیان میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میکسیکن فیڈریشن ادارہ جاتی استحکام کے ذریعے فٹ بال کو فروغ دینے کے لیے جیانی انفینٹینو کی قیادت کے ساتھ کھڑی ہے۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ فٹ بال کی بنیادی اقدار کا بہترین دفاع ادارہ جاتی سالمیت، احترام اور طے شدہ قواعد و ضوابط کی پاسداری میں ہی ممکن ہے۔
اس سے قبل کنفیڈریشن آف افریقن فٹ بال کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی متفقہ طور پر فیفا صدر کی حمایت کی تصدیق کی تھی۔ شمالی امریکا میں ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کرنے والا ملک میکسیکو اس وقت کانکاکیف خطے کا وہ نمایاں رکن ہے جو مارچ میں ہونے والے متوقع انتخابات سے قبل فیفا صدر کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ شدید مخالفت کے بعد جیانی انفینٹینو نے فیفا فارورڈ انٹرپرائز نامی تجارتی منصوبہ منسوخ کر دیا تھا، تاہم کئی عالمی رہنماؤں اور یورپی فٹ بال تنظیموں کی جانب سے ان کی قیادت پر تحفظات کا سلسلہ برقرار ہے۔








