گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی
گورنر خیبرپختونخوا سے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں
پشاور۔ 07 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی،جس میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری، امن اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان گورنر ہائوس پشاور کے مطابق اس موقع پر ناروے کے ڈاکٹر لیف ہیتلینڈ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے مولانا عبدالخبیر آزاد کی مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور دنیا بھر میں قیامِ امن کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا کو امن اور استحکام کی اشد ضرورت ہے۔گورنر نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران پاکستان نے موثر سفارت کاری کے ذریعے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔ پاکستان کا یہ کردار اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کا خواہاں اور ایک ذمہ دار ریاست ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، سستی بجلی، گیس، معدنیات اور مذہبی سیاحت کے حوالے سے بے پناہ صلاحیتوں کا حامل صوبہ ہے۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے ڈاکٹر لیف ہیتلینڈ کو یادگاری تحفہ پیش کیا جبکہ مہمان نے گورنر کو اپنی کتاب بطور تحفہ پیش کی۔







