آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن حکومت سازی کےلئے مطلوبہ تعداد میں کامیابی حاصل کر چکی، عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے، انجینئر امیر مقام، رانا ثناء اللہ

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اﷲنے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن حکومت سازی کےلئے مطلوبہ کامیابی حاصل کر چکی ہے، وہاں نئے دور کا آغاز ہو گا

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اﷲنے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن حکومت سازی کےلئے مطلوبہ کامیابی حاصل کر چکی ہے، وہاں نئے دور کا آغاز ہو گا، عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے، جب بھی پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوئی آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا دور دورہ ہوا، انتخابی مہم کے دوران کئے گئے ایک ایک اعلان کو عملی جامہ پہنائیں گے، پنجاب اور وفاق کی طرز پر یہاں بھی تعمیر و ترقی کے سنہری دور کا آغاز کریں گے۔ وہ گذشتہ روز ایل اے 17 حویلی میں مسلم لیگ ن کے امیدوار محسن عزیز کے بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین پونچھ کے رہنے والوں پر ہمیں فخر ہے جو وطن کے دفاع کےلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، ان کے ذہنوں سے کوئی پاکستان کی محبت نہیں نکال سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والوں کےلئے پختہ بینکر اور سڑکوں سمیت ترقیاتی کام کرائے جا رہے ہیں، وہ ہر وقت بھارتی فائرنگ کا نشانہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ماضی اور عوام کے ساتھ محبت اور مریم نواز کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن کو واضح مینڈیٹ دیا ہے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت بن چکی ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ ہم کسی کا حق نہیں چھینے گے لیکن کسی کو حق چھیننے بھی نہیں دیں گے، اس حوالے سے کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، جینوئن مینڈیٹ آپ کا حق ہے، آج کا جذبہ دیکھ کر ہم چوہدری محسن عزیز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، انہوں نے نئی تاریخ رقم کی ہے، 2021ء میں مریم نواز شریف نے بھی یہاں پر خطاب کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ ان کا احساس محرومی دور کرکے رہیں گے ،جو پیار یہاں کے لوگوں نے ہمیں دیا ہے وہ ہمارے ذہنوں پر نقش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پہاڑوں پر رہنے والے محب وطن لوگ ہیں کیونکہ پہاڑوں کے رہنے والوں کی ایک زبان ہوتی ہے اور وہ اس پر ڈٹ جاتے ہیں، آپ کا نمائندہ آپ سے کئے گئے وعدوں پر پہرا دے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل او سی کے اس پار بسنے والوں کو بھی یہ پیغام دیتے ہیں کہ وہ اکیلے نہیں، ہم ان کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اپنے سے 10 گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی اور 10 مئی کے بعد ایک نیا پاکستان معرض وجود میں آیا، ہمیں اس وقت افواج پاکستان سے یکجہتی کی ریلیاں نہیں بھولیں، تب یہاں کے لوگوں میں جذبہ شہادت دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد جب حکومت سازی ہو گی تو پھر محسن عزیز جھنڈے سمیت یہاں آئیں گے تو ہم بھی آپ کو مبارکباد دینے آئیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر کشمیر بنے گا پاکستان اور مسلم لیگ ن زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے بھی لگوائے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ جب کشمیری یہ نعرہ بلند کرتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے تو 25 کروڑ عوام صدق دل سے یہ تسلیم کرتے ہیں یہ پاکستان آپ کا ہے اور تحریک آزادی جموں و کشمیر دراصل تحریک پاکستان ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم کشمیر ہیں اور کشمیر ہمارا ہے اور آپ پاکستانی ہیں اور پاکستان آپ کا ہے، یہ ہمارا رشتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے رشتے کو دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی، ہندو بنیا ہمارا دشمن ہے جس نے ہمارے بھائیوں پر ظلم و ستم ڈھائے ہیں، لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، معرکہ حق کی کامیابی کے بعد ہندوستان کو یہ معلوم پڑ گیا ہے کہ وہ کسی طور پر پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا، پاکستان کی مسلح افواج میں بڑی تعداد میں آزاد کشمیر کے سپوت شامل ہیں، اس سے مقابلہ کرنا بھارت کے بس کی بات نہیں، وہ بخوبی یہ سمجھ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو وہ دھول چٹائی کہ وہ اب پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب سندور 2 کے تحت کشمیری اور پاکستانی قوم کو آپس میں لڑانے کی سازش کر رہا ہے، ہم ہرگز یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں عام انتخابات کے دو مراحل میں مسلم لیگ ن نے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے اور اس کی حکومت قائم ہونی ہے، مسلم لیگ ن کو 45 کے ایوان میں 30 نشستیں درکار ہیں، اب تک مسلم لیگ ن 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔ انہوں نے حویلی کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب صرف محسن عزیز کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تعمیر و ترقی کا دور اس وقت ہی شروع ہوا جب پاکستان میں مسلم لیگ ن برسر اقتدار آئی اور آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوئی وہ دور سنہری دور ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو اقدامات وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کےلئے کئے جا رہے ہیں جن میں گرین بسیں، موبائل میڈیکل سہولیات سمیت دیگر تمام منصوبے یہاں بھی شروع کریں گے، کشمیری قوم نے مسلم لیگ ن کے حق میں اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔