گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کے روز صوبائی محتسب خیبرپختونخوا رباب مہدی سے گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی اور انہیں ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی
گورنر فیصل کریم کنڈی سے صوبائی محتسب خیبرپختونخوا رباب مہدی کی ملاقات
پشاور۔ 07 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کے روز صوبائی محتسب خیبرپختونخوا رباب مہدی سے گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی اور انہیں ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق اس موقع پر صوبائی محتسب رباب مہدی نے گورنر کو بتایا کہ ادارے نے خواتین کو ان کے قانونی حقوق کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں خیبرپختونخوا میں خواتین کو تقریباً 4.1 ارب روپے مالیت کی جائیدادیں واپس دلائی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے گزشتہ سال کے دوران 19 ہزار سے زائد سماعتیں کی گئیں جبکہ روزانہ اوسطاً 80 سے 200 شکایات اور مقدمات نمٹائے جا رہے ہیں۔رباب مہدی نے گورنر کو آگاہ کیا کہ خواتین کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے پہلی مرتبہ خواتین کے لیے خصوصی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں خواتین کی خصوصی شرکت کو یقینی بنایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ عوامی شکایات کے مؤثر ازالے اور قانون سازی سے متعلق تعاون کو فروغ دینے کے لیے قومی اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی محتسب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ان کے قانونی اور معاشی حقوق کی فراہمی ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔









