اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو روایتی شعبوں سے آگے بڑھاتے ہوئے جدید صنعت، مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی، گرین ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، سمارٹ لاجسٹکس، جدید زراعت اور ٹیکنالوجی پر مبنی مشترکہ منصوبوں تک وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے
پاکستان-چین کے درمیان سی پیک سے آگے بڑھ کر اے آئی، گرین ٹیکنالوجی اور جدید صنعت میں مشترکہ سرمایہ کاری ناگزیر ہے، سردار طاہر محمود
اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو روایتی شعبوں سے آگے بڑھاتے ہوئے جدید صنعت، مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی، گرین ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، سمارٹ لاجسٹکس، جدید زراعت اور ٹیکنالوجی پر مبنی مشترکہ منصوبوں تک وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمرشل کلچر ایسوسی ایشن آف چائنا اور چائنا ایسوسی ایشن فار دی پروموشن آف ویسٹرن ڈویلپمنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل لی آنگ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر کے دورے پر آئے اعلیٰ سطحی چینی کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں وو ریچل، ڈپٹی سیکرٹری جنرل، کمرشل کلچر ایسوسی ایشن آف چائنا اور سی ای او بی ایس ایف ایل (بی ایس ایف ایل) کلچر، ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی گروپ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز چینی سرمایہ کار اور صنعتکار شامل تھے۔ سردار طاہر محمود نے کہا کہ سی پیک نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی مضبوط بنیاد رکھی ہے تاہم اب ضروری ہے کہ اس تعاون کو جدید ٹیکنالوجی، صنعتی جدت، ہائی ویلیو مینوفیکچرنگ اور سرمایہ کاری کے نئے شعبوں تک توسیع دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت، نوجوان افرادی قوت، وسیع صارف مارکیٹ اور صنعتی استعداد کے باعث چینی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش اور موزوں سرمایہ کاری کی منزل بن چکا ہے۔ وفد کے سربراہ لی آنگ نے آئی سی سی آئی کی میزبانی کو سراہتے ہوئے پاکستان کی معاشی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط نئی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وو ریچل نے کہا کہ تعلیمی، ثقافتی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون اور عوامی روابط دونوں ممالک کے درمیان دیرپا اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے کاروباری رہنمائوں نے دوطرفہ تجارت، صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی، سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کے فروغ کے مختلف امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس سے قبل آئی سی سی آئی کے سینئر رکن اور چینی وفد کے کوآرڈینیٹر وقاص احمد نے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے امکانات پر جامع پریزنٹیشن دی۔ اجلاس میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، وسیم چوہدری، عمران منہاس، سابق سینئر نائب صدر فہد وحید اور کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔









