وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو تاریخی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
مکہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ تاریخی پیشرفت ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی
کوئٹہ۔ 07 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو تاریخی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔جمعہ کو وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی تعاون نہ صرف خطے کے امن و استحکام بلکہ مسلم امہ کے اجتماعی مفادات کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مکہ معاہدہ تینوں ممالک کے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہے اور اس سے مختلف شعبوں خصوصا ًدفاع اور سلامتی کے میدان میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والا یہ تاریخی معاہدہ خطے میں مشترکہ سلامتی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، جو باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے اس اہم دفاعی معاہدے کو ممکن بنانے میں وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی قیادت کی موثر سفارتی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان کے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالی اس تاریخی معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور پوری مسلم امہ کے لیے خیر و برکت اور امن و استحکام کا ذریعہ بنائے۔









