صدر آصف علی زرداری سے سویڈن کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی کی ملاقات ،نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد

صدرمملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور سویڈن کے درمیان قابلِ تجدید توانائی، پائیدار ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ہے،

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور سویڈن کے درمیان قابلِ تجدید توانائی، پائیدار ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پارلیمانی روابط اور اعلیٰ سطحی قیادت کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔صدر مملکت سے جمعہ کو ایوانِ صدر میں سویڈن کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی نے ملاقات کی۔صدر آصف علی زرداری نے احمد امجد علی کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کثیرالجہتی تعاون، عالمی قوانین پر مبنی نظام، انسانی حقوق اور جمہوریت کے حوالے سے یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان، سویڈن کو ایک اہم اقتصادی اور تجارتی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سویڈن یورپی یونین، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کا ایک اہم رکن ہے جس کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا پاکستان کے لئے اہم ہے۔صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں میں دوطرفہ تجارت میں ہونے والے اضافے کا ذکر کرتے ہوئے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور ادارہ جاتی شراکت داری کے تحت تکنیکی اور فنی تربیت کے مواقع تلاش کریں۔صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ نامزد سفیر سویڈن میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں سے قریبی رابطہ رکھیں گے جو سویڈن کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ساتھ ہی پاکستان کے مثبت تشخص اور خیرسگالی کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔