انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے پاکستان کی معروف پلاسٹک پیکیجنگ کمپنی نوواٹیکس لمیٹڈ میں 20 ملین امریکی ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے تاکہ ضروری خام مال اور مشینری کی درآمد میں معاونت فراہم کی جا سکے
انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کا نوواٹیکس لمیٹڈ میں 20 ملین امریکی ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان
اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے پاکستان کی معروف پلاسٹک پیکیجنگ کمپنی نوواٹیکس لمیٹڈ میں 20 ملین امریکی ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے تاکہ ضروری خام مال اور مشینری کی درآمد میں معاونت فراہم کی جا سکے۔ورلڈ بینک کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس سرمایہ کاری کا مقصد برآمدی مسابقت کو مضبوط بنانا، روزگار کو برقرار رکھنا اور ماحول دوست و پائیدار پیداواری عمل کو فروغ دینا ہے۔ورلڈ بینک گروپ کے رکن ادارے آئی ایف سی کے مطابق یہ مالی معاونت پاکستان کی پیکیجنگ صنعت کو مضبوط بنانے میں مدد دے گی جو خوراک کی پراسیسنگ، ادویہ سازی اور صارفین کی اشیاء سمیت برآمدات پر مبنی اہم شعبوں کو خدمات فراہم کرتی ہے۔اس سرمایہ کاری سے نوواٹیکس لمیٹڈ کو اہم خام مال اور مشینری درآمد کرنے میں سہولت ملے گی جس سے ملک میں پلاسٹک پیکیجنگ میٹریل کی مستحکم فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی، درآمدات پر انحصار میں کمی آئے گی اور مقامی سپلائی چین مزید مضبوط ہوگی۔پریس ریلیز کے مطابق اس مالی معاونت سے روزگار برقرار رکھنے، برآمدی آمدنی کے تحفظ اور سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں سے نچلی سطح کی صنعتوں کو محفوظ رکھتے ہوئے ملک کے مینوفیکچرنگ شعبے کی معاونت کی توقع ہے۔یہ سرمایہ کاری آئی ایف سی کے پائیداری کے ایجنڈے کی بھی حمایت کرتی ہے کیونکہ نوواٹیکس بڑے پیمانے پر پولی ایتھائلین ٹیرفتھیلیٹ (PET) ری سائیکلنگ پلانٹس چلا رہی ہے اور ری سائیکلڈ پی ای ٹی (rPET) کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ کر رہی ہے جس سے پیکیجنگ کے شعبے میں پاکستان کی سرکلر اکانومی کی جانب پیشرفت میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ آئی ایف سی کمپنی کو اپنی سرگرمیوں کو ادارے کے ماحولیاتی اور سماجی کارکردگی کے معیارات سے ہم آہنگ کرنے میں بھی معاونت فراہم کرے گی تاکہ صنعت میں پائیدار طریقہ کار کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لئے آئی ایف سی کے مینوفیکچرنگ، ایگری بزنس اینڈ سروسز کے ڈائریکٹر ویگنر البوکرک ڈی المیڈا نے کہا کہ پاکستان کی طویل مدتی اقتصادی ترقی کا انحصار ایسی مسابقتی اور برآمدات پر مبنی صنعتوں پر ہے جو روزگار پیدا کریں، زرمبادلہ کمائیں اور مستقبل کے لئے سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے کہا کہ نوواٹیکس میں آئی ایف سی کی سرمایہ کاری روزگار کے تحفظ، برآمدی مسابقت کے فروغ، ایک اہم صنعتی شعبے کی مضبوطی اور زیادہ پائیدار پیداواری طریقوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔نوواٹیکس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضوان دیوان نے آئی ایف سی کو پاکستانی کارپوریٹ شعبے کے لیے ایک اہم مالیاتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری دونوں اداروں کے درمیان وسیع تر شراکت داری کا آغاز ہے۔









