پاکستان ایکارڈ نے انجینئرنگ ہیلپ ڈیسک کا آغاز کر دیا ہے جو ایک نیا آن لائن پلیٹ فارم ہے اور اسے فائر، برقی، ساختی اور بوائلر سیفٹی سے متعلق انجینئرنگ اور اصلاحی تقاضوں کے حوالے سے سپلائرز کو مستقل اور شفاف تکنیکی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے
پاکستان ایکارڈ نے انجینئرنگ ہیلپ ڈیسک کا آغاز کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):پاکستان ایکارڈ نے انجینئرنگ ہیلپ ڈیسک کا آغاز کر دیا ہے جو ایک نیا آن لائن پلیٹ فارم ہے اور اسے فائر، برقی، ساختی اور بوائلر سیفٹی سے متعلق انجینئرنگ اور اصلاحی تقاضوں کے حوالے سے سپلائرز کو مستقل اور شفاف تکنیکی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔کراچی میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں پاکستان ایکارڈ پر دستخط کرنے والے برانڈز، ایکارڈ کے تحت آنے والے سپلائرز، سورسنگ ایجنسیوں اور کاروباری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شریک برانڈزسمیت اہم سپلائرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔پی آر جی ایم ای اے ساؤتھ زون کے چیئرمین اور چٹانی انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر چٹانی نے سپلائرز کی ساکھ مضبوط بنانے اور محفوظ کام کی جگہوں اور مؤثر اصلاح کے ذریعے بین الاقوامی برانڈز کا اعتماد بڑھانے میں پاکستان ایکارڈ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے ایکارڈ میں سپلائرز کی زیادہ نمائندگی کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ صنعت کو درپیش چیلنجز کو باہمی بات چیت کے ذریعے مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔انٹرنیشنل ایکارڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جوریس اولڈنزیل نے 142 دستخط کنندہ برانڈز کی جانب سے شرکا کو پاکستان ایکارڈ کی تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ یہ برانڈز پاکستان کے تقریباً 500 سپلائرز سے 4 ارب امریکی ڈالر مالیت تک کی مصنوعات حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایکارڈ اب تک 440 سے زائد ابتدائی معائنے اور فائر، برقی اور ساختی حفاظت سے متعلق 205 سے زائد فالو اپ معائنے مکمل کر چکا ہے جبکہ 250 بوائلر معائنے بھی کیے جا چکے ہیں اور تمام ابتدائی معائنے ستمبر 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیفٹی ٹریننگ پروگرام اب تک اڑھائی لاکھ سے زائد کارکنوں تک پہنچ چکا ہے اور اس کا ہدف ایکارڈ میں شامل سپلائرز کے ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد کارکنوں تک رسائی حاصل کرنا ہے۔افتتاح کے بعد ایک تعاملی نشست بھی ہوئی، جس کے دوران سپلائرز اور برانڈز کے نمائندوں نے پاکستان ایکارڈ کے شفاف معائنہ کے عمل، عملی تکنیکی رہنمائی اور کام کی جگہوں پر حفاظتی اقدامات میں بہتری کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔شرکا نے انجینئرنگ ہیلپ ڈیسک کو تعاون مضبوط بنانے اور اصلاحی تقاضوں پر مؤثر عملدرآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔







