فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنے صدر جیانی انفینٹینو اور ادارے کو کمزور کرنے کی منظم کوششوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
فیفا کی صدر جیانی انفینٹینو کو عہدے سے ہٹانے کی مہم پر شدید تنقید

مزید خبریں
زیورخ ۔9اگست (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنے صدر جیانی انفینٹینو اور ادارے کو کمزور کرنے کی منظم کوششوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بی بی سی کے مطابق فیفا کا یہ بیان ڈیلی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یوئیفا کے سابق جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے انفینٹینو کی ایک مبینہ دوست کو ادارے سے الگ ہوتے وقت رقم ادا کی گئی تھی۔ فیفا ترجمان نے ان تمام الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیاس آرائیوں اور الزامات کو حقائق کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔جیانی انفینٹینو کو فیفا فارورڈ انٹرپرائز کی تجویز کے بعد سے یوئیفا اور یورپی فٹ بال ایسوسی ایشنز کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے جس کے تحت کمرشل اور ٹکٹنگ حقوق سنبھالنے کے لیے ایک نئی کمپنی بنا کر اس کا 21 فیصد حصہ ایک پرائیویٹ انویسٹمنٹ کمپنی کو فروخت کیا جانا تھا۔ یوئیفا نے جیانی انفینٹینو پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ نارویجن فٹ بال فیڈریشن کی صدر لیس کلیوینس نے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ۔
فیفا نے واضح کیا ہے کہ صدر جیانی انفینٹینو تمام 211 رکن ایسوسی ایشنز کے جمہوری مینڈیٹ سے منتخب ہوئے ہیں اور جو عناصر جمہوری عمل کے ذریعے کامیاب نہیں ہو سکتے وہ غلط معلومات اور الزام تراشی کا سہارا لے رہے ہیں۔یورپ کی شدید مخالفت کے باوجود جیانی انفینٹینو کو افریقی فٹ بال کنفیڈریشن کے تمام 54 ممالک، جنوبی امریکی کنفیڈریشن اور میکسیکن فٹ بال فیڈریشن کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ فیفا نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ وہ آئینی اور قانونی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کرتی ہے لیکن حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی مہم کا پوری طاقت سے مقابلہ کیا جائے گا۔








