لیونل میسی کے والد خورخے میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ارجنٹائن اور انٹر میامی کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی کے والد خورخے میسی طویل علالت کے بعد 68 برس کی عمر میں روزاریو کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

روزاریو۔9اگست (اے پی پی):ارجنٹائن اور انٹر میامی کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی کے والد خورخے میسی طویل علالت کے بعد 68 برس کی عمر میں روزاریو کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

بی بی سی کے مطابق ارجنٹائن کے میڈیا اور ہسپانوی اخبار مارکا کے مطابق خورخے میسی کچھ عرصے سے شدید بیمار تھے، تاہم میسی خاندان یا ان کی انتظامی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ۔خورخے میسی نے اپنے بیٹے کے فٹ بال کیریئر میں شروع سے ہی انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ جب لیونل میسی بچپن میں بارسلونا کی یوتھ اکیڈمی میں شامل ہونے کے لیے ارجنٹائن سے سپین منتقل ہوئے تو ان کے والد ان کے ساتھ رہے اور بعد میں ان کے تمام پیشہ ورانہ معاملات اور نمائندگی کا انتظام سنبھالا۔ بارسلونا کے ابتدائی دنوں سے لے کر عالمی فٹ بال کے عروج تک وہ اپنے بیٹے کے ہر اہم فیصلے میں شانہ بشانہ رہے۔

لیونل میسی کی عالمی شہرت کے باوجود ان کے والد نے ہمیشہ میڈیا سے دور رہ کر کام کیا اور اپنے بیٹے کو دنیا کا بہترین فٹ بالر بنانے میں پس پردہ اہم ترین کردار ادا کیا۔ 39 سالہ لیونل میسی نے اپنے والد کے انتقال پر ابھی تک کوئی عوامی ردعمل یا بیان جاری نہیں کیا ۔نیوویلز اولڈ بوائز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں خورخے میسی کو ایک ایسا ستون قرار دیا جنہوں نے محبت اور نظم و ضبط کے ساتھ تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی کی قیادت کی اور مالویناس اکیڈمی سے لے کر عالمی فٹ بال کی بلندیوں تک اپنے بیٹے کے ہر قدم کی پشت پناہی کی۔ بارسلونا فٹ بال کلب نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے کیریئر کے سب سے شاندار سال ان کے کلب کے سپرد کیے۔ ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن نے بھی قومی ٹیم کے کپتان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور میسی کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں