پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد اور علاقائی امن کے لیے اہم پیش رفت ہے، رشید صافی

بین الاقوامی و چینی امور کے ماہر رشید صافی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کو خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے عزم کو نئی قوت دینے والا اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):بین الاقوامی و چینی امور کے ماہر رشید صافی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کو خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے عزم کو نئی قوت دینے والا اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا یہ تاریخی معاہدہ ایک مشترکہ وژن اور امن و سلامتی کے لیے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔رشید صافی نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والا معاہدہ تین برادر اسلامی ممالک کے باہمی اعتماد، سٹریٹجک تعاون، اتحاد اور ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے مشترکہ وژن کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اس سے پاکستان کے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ برادرانہ اور سٹریٹجک تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔بین الاقوامی و چینی امور کے ماہر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی دفاعی سفارت کاری نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔

پاکستان نے ہمیشہ علاقائی امن، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کو ترجیح دی ہے اور موجودہ پیش رفت اسی وژن کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی اور سٹریٹجک تعاون نہ صرف تینوں ممالک کے باہمی تعلقات کو نئی جہت دے گا بلکہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے اجتماعی کوششوں کو بھی تقویت فراہم کرے گا۔رشید صافی نے اس امید کا اظہار کیا کہ تینوں برادر ممالک کے درمیان تعاون مستقبل میں دفاع، معیشت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں تک مزید وسعت اختیار کرے گا اور اس کے نتیجے میں پورے خطے کے لیے استحکام اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

مزید خبریں