یونین کونسل تریٹ ضلع مری کے گائوں نیلاں اور بسوئی کے ہزاروں رہائشی پینے کے صاف پانی سے محروم

ضلع مری کی یونین کونسل تریٹ کے دو دیہات نیلاں اور بسوئی کے ہزاروں رہائشی تقریباً 15 سال سے پینے کے صاف پانی کےلئے دربدر ہیں۔

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):ضلع مری کی یونین کونسل تریٹ کے دو دیہات نیلاں اور بسوئی کے ہزاروں رہائشی تقریباً 15 سال سے پینے کے صاف پانی کےلئے دربدر ہیں۔

نیلاں اور بسوئی کے رہائشیوں اسد عباسی، محمد نصیر عباسی ، ماسٹر سیف، محمد یونس، چوہدری غفار، یاسر محمود عباسی، زاہد عباسی اور محمد مجید سمیت مختلف افراد نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں دیہاتوں کے مرد ، خواتین اور بچے پینے کے صاف پانی کے حصول کےلئے روزانہ میلوں طویل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گرد ونواح کے دیہات دلیہ، سالگراں اور گڑہم وغیرہ میں آج سے 15 سال قبل واٹر سپلائی سکیم کے تحت صاف پانی سے مستفید ہو رہے ہیں لیکن ہم 21 ویں صدی میں بھی اس بنیادی ضرورت سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مندرجہ بالا دیہاتوں کا ہمارے گائوں سے فاصلہ آدھے کلومیٹر سے بھی کم ہے لیکن پینے کا صاف پانی ہم تک نہیں پہنچ سکا۔ نیلاں اور بسوئی کے رہائشیوں نے ارباب اختیار سے متعدد بار درخواست کی کہ ہمیں بھی پینے کے صاف پانی تک رسائی فراہم کی جائے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر مری سے درخواست کی کہ پنجاب کے شہریوں کو بنیادی سہولیات اور بالخصوص پینے کے صاف پانی تک رسائی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے منصوبے کے تحت نیلاں اور بسوئی کے ہزاروں رہائشیوں کو پینے کے پانی تک رسائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں ترقیاتی کام اور عوامی فلاح وبہبود پر بھرپورتوجہ دے رہی ہے اور توقع ہے کہ ارباب اختیار ہماری درخواست پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ہمارے داد رسی کریں گے۔

مزید خبریں