صدرمملکت کی سنگاپور کی قیادت کو ان کے قومی دن پر مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سنگاپور کے 61 ویں قومی دن کے موقع پر سنگاپور کے ہم منصب تھرمن شنموگارتنم ، سنگاپور کی حکومت اور عوام کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے ۔

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے سنگاپور کے 61 ویں قومی دن کے موقع پر سنگاپور کے ہم منصب تھرمن شنموگارتنم ، سنگاپور کی حکومت اور عوام کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے ۔

اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ​صدر مملکت نے اپنے خط میں کہا کہ پاکستان سنگاپور کی بصیرت افروز قیادت، دانشمندانہ طرزِ حکمرانی اور عوام کے غیر متزلزل عزم کے ذریعے حاصل ہونے والی تعمیرِ ملت اور معاشی تبدیلی کے شاندار سفر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے سنگاپور کی کامیابی، جدت طرازی اور پیش رفت کو ایک متاثر کن مثال قرار دیا۔ ​صدر آصف علی زرداری نے رواں سال کو پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کے طور پر خاص اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ دہائیوں کے دوران باہمی اعتماد، خیر سگالی اور عوامی روابط پر مبنی یہ دوستی مسلسل پروان چڑھی ۔ ا ن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کثیر الجہتی فورمز پر اپنے روابط جاری اور دوطرفہ سیاسی روابط کو بھی برقرار رکھیں گے۔​صدر مملکت نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت، گرین ٹیکنالوجی، سمندری و لاجسٹکس روابط، شہری منصوبہ بندی، پیشہ ورانہ تربیت، تعلیمی و ثقافتی تبادلے اور سیاحت کے شعبوں میں توسیع کے وسیع امکانات موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک اور ان کے عوام کے فائدے کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے سنگاپور کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

مزید خبریں