وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سےسوئٹزرلینڈ کی عالمی توانائی تجارتی کمپنی گنور گروپ کے وفد کی ملاقات ، توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سےسوئٹزرلینڈ کی عالمی توانائی تجارتی کمپنی گنور گروپ کے وفد کی ملاقات ، توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):پاکستان اورسوئٹزرلینڈ نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لئے رابطے جاری رکھنے اور نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔پیر کووفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے سوئٹزرلینڈ کی عالمی توانائی تجارتی کمپنی گنور گروپ کے وفد نے ملاقات کی اور پاکستان کے توانائی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد میں گلوبل ڈائریکٹر انوسٹمنٹ پورٹ فولیو شہاب رچیال اور کارپوریٹ امور کے ڈائریکٹر سیٹھ تھامس پیٹراس شامل تھے ۔
ملاقات کےدوران گنور گروپ کے وفد نےحکومت پاکستان کی جانب سے توانائی کی مارکیٹ میں ڈی ریگولیشن کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے کہا کہ ڈاؤن سٹریم مارکیٹ کو کھولنے سے کارکردگی اور مسابقت میں اضافہ ہوگا جبکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وفد نے بالخصوص ریفائنری پالیسی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی سے سرمایہ کاری اورتعاون کے نئے راستے کھلے ہیں۔ وفد نے مجوزہ بانڈڈ سٹوریج پالیسی میں بھی دلچسپی ظاہر کی اور اسے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جو پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید سہولت فراہم کرسکتی ہے۔
گنور گروپ کے وفد نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور یہ سرمایہ کاری کے لئے ایک موزوں مارکیٹ ہے۔ وفد نے ملک میں مزید سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان توانائی کی مارکیٹ میں ڈی ریگولیشن کے حوالے سے اہم پیشرفت کر رہا ہے اور حکومت مسابقتی، شفاف اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے ایل پی جی کے شعبے میں گنور گروپ کے ساتھ مزید تعاون کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کمپنی کو دعوت دی کہ وہ توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے تناظر میں ابھرنے والے نئے مواقع سے فائدہ اٹھائے۔ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لئے رابطے جاری رکھنے اور نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔








