ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سعودی عرب جانے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کردیا
ایف ای اے امیگریشن کی کارروائی ، عمرہ کی آڑ میں جانے والے دو مسافر آف لوڈ

مزید خبریں
ملتان۔ 10 اگست (اے پی پی):ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سعودی عرب جانے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کردیا۔ پیر کو ترجمان ایف آئی اے کے مطابق شمائل بی بی اور محمد عمران سعودی عرب روانہ ہورہے تھے، کلیئرنس کے دوران حکام کو دونوں مسافروں پر شک ہوا جس پر انہیں شفٹ انچارج کے حوالے کرکے تفصیلی تفتیش کی گئی۔ مسافروں کے موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی جانچ کے دوران بیرون ملک افراد کو غیر قانونی مقاصد کے لیے منتقل کرنے والے منظم نیٹ ورک سے متعلق معلومات سامنے آئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات میں معلوم ہوا کہ عمرہ ویزے سفر کے اصل مقصد کو چھپانے کے لیے استعمال کیے گئے جبکہ انسانی اسمگلنگ اور کمرشل سرگرمیوں سے متعلق معلومات بھی سامنے آئیں۔ دوران تفتیش مسافروں نے سفری انتظامات کرانے والے ٹریول ایجنٹ کی شناخت بھی بتادی۔ایف آئی اے نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرکے ان کے موبائل فونز اور دیگر شواہد قبضے میں لے لیے جبکہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کردیا گیا۔ تحویل میں لیے گئے ملزمان سےشواہد کا فرانزک معائنہ اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔








