وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال (سول ہسپتال) کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا
گوجرانوالہ،ڈپٹی کمشنر کا گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 10 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال (سول ہسپتال) کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، جن میں ٹراما سنٹر، ایمرجنسی وارڈ، ڈینگی وارڈ، او پی ڈی، فارمیسی، لیبارٹریز اور دیگر طبی یونٹس شامل تھے۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹروں و طبی عملے کے رویے، ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کے معیار کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے، ادویات کے وافر ذخائر برقرار رکھنے، طبی آلات کو مکمل طور پر فعال رکھنے اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری، تیز رفتار اور شفاف طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، علاج معالجے کے معیار میں بہتری اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے اچانک دوروں اور مؤثر مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ صحت کے شعبے میں عوام کا اعتماد مزید مضبوط اور انہیں بہتر طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔








