تھل یونیورسٹی بھکر میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وائس چانسلر تھل یونیورسٹی بھکر پروفیسر ڈاکٹر سعید بزدار کی ہدایات اور وژن کی روشنی میں یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی زبان و ادب میں ایم فل (MPhil) اور پی ایچ ڈی (PhD) پروگرامز کے داخلوں کی منظوری دے دی گئی ہے
تھل ،یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی انگریزی پروگرامز کی منظوری

مزید خبریں
بھکر۔ 10 اگست (اے پی پی):تھل یونیورسٹی بھکر میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وائس چانسلر تھل یونیورسٹی بھکر پروفیسر ڈاکٹر سعید بزدار کی ہدایات اور وژن کی روشنی میں یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی زبان و ادب میں ایم فل (MPhil) اور پی ایچ ڈی (PhD) پروگرامز کے داخلوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر اکیڈمکس و سربراہ شعبہ انگریزی ڈاکٹر ارم جمیل کی زیرِ صدارت بورڈ آف اسٹڈیز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شعبہ انگریزی زبان و ادب میں اعلیٰ تحقیقی پروگرامز کے اجراء، تعلیمی و تحقیقی امور اور داخلوں سے متعلق مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شعبہ انگریزی زبان و ادب میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے آغاز کی باقاعدہ منظوری دی گئی، جس کے بعد تھل یونیورسٹی بھکر میں مقامی طلبہ و طالبات کے لیے انگریزی زبان و ادب، لسانیات، ادبی تنقید، اطلاقی لسانیات اور تحقیق کے شعبوں میں اعلیٰ سطح کی تعلیم اور جدید تحقیقی کام کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان پروگرامز کے تحت طلبہ کو English Language، Literature، Linguistics، Literary Criticism، Applied Linguistics اور Research Methodology سمیت انگریزی ادب کے مختلف ادوار و اصناف میں جدید علمی و تحقیقی کام کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر ہونے والی جدید ادبی و لسانی تحقیق سے طلبہ کو روشناس کرانے اور تحقیقی معیار کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید بزدار کی جانب سے تھل یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور معیاری پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ انگریزی زبان و ادب میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی منظوری یونیورسٹی کو ایک مضبوط علمی و تحقیقی مرکز بنانے کی جانب اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔ ان اعلیٰ تحقیقی پروگرامز کا آغاز نہ صرف بھکر بلکہ پورے تھل خطے کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک بڑی علمی سہولت ثابت ہوگا، کیونکہ انہیں اعلیٰ تعلیم کے لیے دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنے کے بجائے اپنے ہی علاقے میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر تعلیم و تحقیق کے مواقع میسر آئیں گے۔
یہ پیش رفت تھل یونیورسٹی بھکر کے اس عزم کی عکاس ہے کہ خطے کے نوجوانوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم، جدید تحقیق اور وسیع تر علمی مواقع ان کی دہلیز پر فراہم کیے جائیں اور تھل یونیورسٹی کو خطے کی علمی، تحقیقی اور فکری ترقی کا مؤثر مرکز بنایا جائے۔








