ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) عبدالرحمن خان کی زیر صدارت پرائس مجسٹریٹس اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پیرا کے افسران نے شرکت کی
راولپنڈی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) کی زیر صدارت پرائس مجسٹریٹس اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے افسران کا اجلاس

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 10 اگست (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) عبدالرحمن خان کی زیر صدارت پرائس مجسٹریٹس اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پیرا کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی، مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فروخت، گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افسران نے مارکیٹوں میں روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی چیکنگ، جرمانوں، مقدمات اور دیگر قانونی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) عبدالرحمن خان نے ہدایت کی کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے پرائس مجسٹریٹس اور پیرا افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، سبزی، پھل، گوشت، کریانہ اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانوں اور مارکیٹوں کی باقاعدگی سے چیکنگ کریں اور سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے، مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے اور دیگر خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کی جائے۔عبدالرحمن خان نے مزید کہا کہ صرف جرمانے عائد کرنا ہی مقصد نہیں بلکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں پرائس کنٹرول سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کریں اور کارروائیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے، اس لیے پرائس کنٹرول قوانین پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تمام متعلقہ افسران باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت فیلڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنائیں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ راولپنڈی میں گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانوں سمیت تمام قانونی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔








