ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل ہے، گورنر سندھ

ورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہاہے کہ ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو گورنر ہائوس میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی

کراچی۔ 10 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہاہے کہ ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو گورنر ہائوس میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدے کے تحت ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا،اللہ کا شکر ہے دفاعی معاہدہ دنیا کے بہترین شہر مکہ مکرمہ میں ہوا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور ان کے حکمرانوں کو سلامتی عطا فرمائے۔

سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ ایران میں امن معاہدہ کرانے میں اہم کردار ادا کیاہے، دنیا نے پاکستانی سفارتی کوششوں کو سراہاہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں خطے میں قیامِ امن کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں گزشتہ سال اپنے سے پانچ گنا بڑے اور طاقتور دشمن کو دھول چٹائی۔انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز یکم اگست کو شجرکاری مہم سے کیا گیا،3 اگست کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ذہین اور مستحق نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے،6 اگست کو اسکول طلبا ء نے گورنر ہائوس کا دورہ کیااور قائداعظم کا روم اور دستاویزی فلم دیکھی جبکہ 8 اگست کو جشنِ آزادی مشاعرہ منعقد کیا گیاجس میں ملک کے نامور شعرا ء نے شرکت کی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آج مختلف اسکولوں کی طالبات کو گورنر ہائوس مدعو کیا گیااور انہیں قائداعظم کی رہائش اور دستاویزی فلم دکھائی گئی،11اگست کو اقلیتوں کا دن منایا جائے گا، 12 اگست کو نوجوانوں میں ایوارڈز تقسیم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ 13اگست کو جشنِ آزادی کا سماں باندھا جائے گا، تحریکِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس ماہ ہم سب کو خوش ہونا چاہیے اور جشنِ آزادی دھوم دھام سے منانا چاہیے۔