پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1 ایبٹ آباد کے پروفیسر کاشف میر کاایم فل اردو کے تحقیقی و تنقیدی مقالہ کا کامیاب دفاع

گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1 ایبٹ آباد کے پروفیسر کاشف میر نے الحمد اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے ایم فل اردو کے تحقیقی و تنقیدی مقالہ کا کامیاب دفاع کیا

ایبٹ آباد۔ 11 اگست (اے پی پی):گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1 ایبٹ آباد کے پروفیسر کاشف میر نے الحمد اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے ایم فل اردو کے تحقیقی و تنقیدی مقالہ کا کامیاب دفاع کیا۔ انہوں نے اپنا تحقیقی کام شاعر پروفیسر جمیل اختر اعوان کے شعری مجموعہ ”ان کی صورت بھی خواب جیسی ہے“ پر مکمل کیا۔

اس مقالہ کے نگران ڈاکٹر شیر علی تھے جبکہ بیرونی ممتحنین میں ڈاکٹر سعدیہ طاہر (فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد)، ڈاکٹر طارق ہاشمی (گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد)، ڈاکٹر الطاف یوسفزئی (ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ) اور ڈاکٹر صدف نقوی (گورنمنٹ کالج یونیورسٹی برائے خواتین فیصل آباد) شامل تھے۔

اس تحقیقی کاوش کے ذریعہ کاشف میر نے ایک ایسے باصلاحیت مگر گمنام شاعر پروفیسر جمیل اختر اعوان کو قومی سطح پر متعارف کروانے کی کوشش کی جو عمدہ شاعری کے باوجود خود نمائی سے گریزاں رہے اور مشاعروں میں بھی شریک نہیں ہوتے تھے۔ یہ تحقیق نہ صرف ان کے کلام بلکہ ان کی شخصیت کو بھی نمایاں کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔