وفاقی محتسب نے شہری کا 8 سال سے بلاک شناختی کارڈ بحال کرا دیا

وفاقی محستب کوئٹہ نے شہری کا بلاک شدہ کارڈ بحال کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق درخواست گزار امین اللہ نے بتایا کہ ان کی بیوی بی بی رحیمہ کا شناختی کارڈ بغیر کسی وجہ کے 8 سال پہلے بلاک کر دیا گیا تھا

کوئٹہ۔ 11 اگست (اے پی پی):وفاقی محستب کوئٹہ نے شہری کا بلاک شدہ کارڈ بحال کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق درخواست گزار امین اللہ نے بتایا کہ ان کی بیوی بی بی رحیمہ کا شناختی کارڈ بغیر کسی وجہ کے 8 سال پہلے بلاک کر دیا گیا تھا جس کی بحالی کے لیے انہوں نے متعدد بار نادرا آفس کے چکر کاٹے، کمیٹیوں میں پیش ہوئے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی لہٰذا انصاف کے حصول کے لیے وفاقی محتسب کوئٹہ کے دفتر سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمہ کی تاخیر اور عدم توجہ کے خلاف درخواست دائر کی۔

درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمہ کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ لہٰذا وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کی بیوی کا شناختی کارڈ فوری بحال کیا جائے۔ احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمہ نے درخواست گزار کی بیوی کا شناختی کارڈ بحال کر دیا۔ اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔