قائداعظم کے 11 اگست کے خطاب کی روشنی میں اقلیتوں کو آئین پاکستان میں مساوی حقوق حاصل ہیں، تمام شہریوں کو بلا تفریق مذہب قدم سے قدم ملا کر ملک کو تعمیر و ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنا ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف

قائداعظم کے 11 اگست کے خطاب کی روشنی میں اقلیتوں کو آئین پاکستان میں مساوی حقوق حاصل ہیں، تمام شہریوں کو بلا تفریق مذہب قدم سے قدم ملا کر ملک کو تعمیر و ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنا ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان تک زندگی کے ہر شعبے میں مسلمانوں کے شانہ بشانہ اقلیتوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں نے بلا تفریق مذہب مل کر قدم سے قدم ملا کر ملک کو تعمیر و ترقی سے ہمکنار کرنا ہے، قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق آئین پاکستان میں تمام پاکستانیوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں ۔ وہ منگل کو یہاں وزیر اعظم آفس میں مذہبی اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں وفاقی وزراء، ارکان اسمبلی اور ملک بھر سے مختلف اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شریک تھیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 11 اگست کو پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی، ہندو، سکھ اور پارسی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کا ہمارے دل میں بہت احترام ہے، اقلیتوں نے تحریک پاکستان میں قائداعظم کا ساتھ دے کر تعمیری کردار ادا کیا جو تاریخ کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے 11 اگست کے خطاب کی روشنی میں اقلیتوں کو آئین پاکستان میں مساوی حقوق حاصل ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ اقلیتی برادریوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، تعلیم کے میدان میں کرسچن کمیونٹی کی خدمات کی ستائش نہ کرنا ناانصافی ہوگی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے اپنی اور اپنے بہن بھائیوں کی مسیحی سکولوں میں ابتدائی تعلیم کا بھی ذکر کیا اور یاد دلایا کہ تعلیمی شعبے میں ان کی نمایاں خدمات ہیں۔

وزیر اعظم نے سیسل چوہدری، جسٹس اے آر کارنیلئیس، جوگندر ناتھ منڈل، ایس ایل گبز اور ایس پی سنگھا سمیت مختلف اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں قومی شخصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات سے کون واقف نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے جنگوں اور قومی تعمیر کے ہر میدان میں بے بہا خدمات سر انجام دیں ، ملکی دفاع کے لئے بھی ان کی قربانیاں ناقابل فراموش اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انہوں نے بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہے، نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے پاکستان کو دنیا میں نمایاں کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان تک ہر شعبے میں اقلیتی برادری کا کردار قابل ستائش ہے اور ہم سب نے مل کر ملک کو تعمیر و ترقی و خوشحالی سے ہم کنار کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے آگے بڑھنا اور پاکستان کو اقوام عالم میں اس کا مقام دلوانا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ کے مابین مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، یہ امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے ہے۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے لئے نمایاں خدمات سر انجام دینے والی اقلیتی برادری کی شخصیات کو ایوارڈز اور اعزازات سے بھی نوازا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے، حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے ، ملک کے لئے نمایاں خدمات انجام دینے والے اقلیتی برادری کے افراد کو ایوارڈز دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے، قائد کے وژن کے مطابق اقلیتوں کے حقوق حکومت کی اولین ترجیح ہے، ان کی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، انہیں تعلیمی وظائف دیئے جا رہے ہیں، مالی معاونت کی جا رہی ہے، دس مذہبی تہواروں کو سرکاری سطح پر منانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

وزیر مملکت برائے مذہبی بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں اقلیتوں کا دن منایا جا رہا ہے، اقلیتوں کے دن پر وزیراعظم کی شرکت ہمارے لئے باعث افتخار ہے، ہم فخر سے کہتے ہیں کہ پاکستان سب کا پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ میرج ایکٹ، ہندو میرج ایکٹ اقلیتوں کے لئے انتہائی اہم پیش رفت ہے، مسیحی میرج ایکٹ پر بھی کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے تکبر کو وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں خاک میں ملا دیا، پاکستان نے دنیا بھر میں مذہبی ہم آہنگی کے لئے کردار ادا کیا ہے۔ سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز ایکٹ خوش آئند ہے، اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی کے لئے ہمیشہ کردار ادا کیا۔