وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت سوئی ماسٹر پلان پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیےاجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ ، ڈسٹرکٹ کونسل ڈیرہ بگٹی کے وائس چئیرمین میر جمال خان کلپر اور دیگر اسٹیک ہولڈرز و متعلقہ حکام نے شرکت کی
وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت سوئی ماسٹرپلان سے متعلق اجلاس ،پیشرفت سے متعلق امور کاجائزہ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 11 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت سوئی ماسٹر پلان پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیےاجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ ، ڈسٹرکٹ کونسل ڈیرہ بگٹی کے وائس چئیرمین میر جمال خان کلپر اور دیگر اسٹیک ہولڈرز و متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ حکام، کمشنر سبی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر ساوتھ ڈیرہ بگٹی زوہیب الحسن ، اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سوئی عزت امان بگٹی شریک ہوئے اجلاس میں سوئی ماسٹر پلان فیز ون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور شرکاء کو منصوبے کے مختلف اجزا کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے کے تحت سوئی میں روشن سڑکوں، سیوریج سسٹم، میر غلام قادر بگٹی اسٹیڈیم، لیڈیز پارک، بس ٹرمینل، ٹرک اسٹینڈ اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان منصوبوں کو حکومت بلوچستان اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے 50،50 فیصد اشتراک سے قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا، جس سے سوئی میں شہری سہولیات اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ سوئی ماسٹر پلان کے تحت جاری تمام منصوبوں میں تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری کام کی صورت میں ذمہ دار فرم اور متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلی ٰنے کہا کہ سوئی کو ایک جدید اور مثالی سِوک سٹی بنایا جائے گا اور سوئی میں گزشتہ پچاس سال اور موجودہ حکومت کے دو سالہ دور کی ترقی کے درمیان نمایاں فرق نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی کے عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سوئی ماسٹر پلان کے منصوبوں کو محض ایک ترقیاتی اسکیم نہیں بلکہ عوامی خدمت کا نوبل کاز سمجھ کر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسران ذاتی دلچسپی اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ منصوبوں کی نگرانی کریں تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








