ایمریٹس نے مسافروں کیلئے 4 نئی سفری سہولیات متعارف کرا دیں،دبئی سفر کی تاریخ میں لامحدود مفت تبدیلی، ریفنڈ فیس میں کمی کا اعلان

ایمریٹس نے صارفین کے لیے سفر کو مزید آسان اور پُرسکون بنانے کے لیے 4 نئی سفری سہولیات متعارف کرا دی ہیں، جن میں دبئی کے سفر کی تاریخ میں مفت تبدیلی، کم فیس کے ساتھ ریفنڈ کی سہولت،پورے نیٹ ورک پر تاریخ میں ایک مرتبہ کی مفت تبدیلی اور ایمریٹس اسکائی وارڈز کے اراکین کے لیے مزید سہولیات اور بچت شامل ہیں۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):ایمریٹس نے صارفین کے لیے سفر کو مزید آسان اور پُرسکون بنانے کے لیے 4 نئی سفری سہولیات متعارف کرا دی ہیں، جن میں دبئی کے سفر کی تاریخ میں مفت تبدیلی، کم فیس کے ساتھ ریفنڈ کی سہولت،پورے نیٹ ورک پر تاریخ میں ایک مرتبہ کی مفت تبدیلی اور ایمریٹس اسکائی وارڈز کے اراکین کے لیے مزید سہولیات اور بچت شامل ہیں۔ ایمریٹس کے مطابق 10 اگست 2026 سے دبئی جانے والے مسافر اپنے سفر کی تاریخ میں جتنی بار چاہیں، بغیر کسی اضافی فیس کے تبدیلی کر سکتے ہیں، یہ سہولت تمام اقسام کے سفری کرایوں پر دستیاب ہے، اکانومی کلاس میں سیور سے فلیکس تک جبکہ بزنس کلاس میں اسپیشل، سیور اور فلیکس کرایوں پر سفر کرنے والے مسافر اپنی تاریخِ سفر میں لامحدود مرتبہ مفت تبدیلی کر سکتے ہیں۔

اکانومی فلیکس پلس، پریمیم اکانومی، بزنس فلیکس پلس اور فرسٹ کلاس کی بکنگ بدستور مکمل سہولت کے ساتھ دستیاب رہے گی۔ ایمریٹس نے دبئی جانے والی پروازوں کے لیے ریفنڈ فیس میں بھی نمایاں کمی کی ہے، اکانومی کلاس میں سیورکرایوں پر ریفنڈ فیس اب 50 امریکی ڈالر جبکہ فلیکس کرایوں پر 25 امریکی ڈالر ہوگی۔ بزنس کلاس میں سپیشل اور سیور کرایوں پر ریفنڈ فیس 50 امریکی ڈالر جبکہ فلیکس کرایوں پر 25 امریکی ڈالر ہوگی۔ دبئی کے سفر کے لیے تاریخ میں لامحدود مفت تبدیلی کے ساتھ یہ سہولت صارفین کو اپنے سفری منصوبوں میں تبدیلی کرنے یا بکنگ منسوخ کرنے کی صورت میں کم سے کم مالی نقصان کے ساتھ فیصلہ کرنے کی مزید آزادی فراہم کرتی ہے۔ اسی طرح ایمریٹس کے پورے نیٹ ورک پر سفر کرنے والے صارفین کو 2 اپریل 2026 سے بک کیے گئے ٹکٹ پر سفر کی تاریخ میں ایک مرتبہ مفت تبدیلی کی سہولت حاصل ہوگی جس میں دبئی کے ذریعے کنیکٹنگ پروازیں بھی شامل ہیں۔ صارفین اپنے سفری منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے بغیر کسی اضافی فیس کے 24 گھنٹے تک کرایہ بھی برقرار رکھ سکتے ہیں۔

ایمریٹس کے مطابق اگر پروازوں میں خلل پیدا ہوتا ہے تو ایمریٹس متاثرہ صارفین کے لیے رہائش کا براہِ راست انتظام کرے گا۔ اگر دیگر ایئرلائنز کے ذریعے آگے کا سفر متاثر ہو یا ایمریٹس کی پروازیں دستیاب نہ ہوں تو صارفین کو بغیر کسی اضافی لاگت کے ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے دوبارہ بک کیا جائے گا، بشمول ان صورتوں کے جب پروازیں فضائی حدود میں رکاوٹ کے باعث منسوخ ہوں۔ ایمریٹس اسکائی وارڈز کے اراکین اپنے سفر کے دوران مزید فوائد حاصل کر سکتے ہیں، جن میں سفری سہولیات میں اضافہ، اگلے درجے کی رکنیت حاصل کرنے کے زیادہ مواقع اور اپنے جمع شدہ میلز کے استعمال پر اضافی بچت شامل ہے۔

31 اگست 2026 تک اراکین سلور، گولڈ اور پلاٹینم کا درجہ حاصل کرنے کے لیے درکار ٹیرمائلز میں 20 فیصد کمی ، ایمریٹس اور فلائی دبئی کی پروازوں پر 20 فیصد اضافی ٹیر مائلز، کیش پلس مائلز کے ذریعے مزید بچت، جس کے تحت ایمریٹس یا فلائی دبئی کی پروازوں، اضافی سامان، لاؤنج تک رسائی اور نشست کے انتخاب کے لیے میلز استعمال کرنے پر 2,000 میلز کے عوض 30 امریکی ڈالر کی خصوصی شرح دستیاب ہوگی جبکہ معمول کی شرح 2,000 مائلز کے عوض 15 امریکی ڈالر ہے۔ ایمریٹس کے مطابق مزید معلومات کیلئے www.emirates.com وزٹ کیا جا سکتا ہے۔ کرایے میں فرق لاگو ہو سکتا ہے، پرواز پر سوار نہ ہونے کی صورت میں عائد ہونے والی فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔