راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش، واسا کا نکاسیٔ آب آپریشن جاری

راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ واسا راولپنڈی کی فیلڈ ٹیمیں نکاسیٔ آب کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان خود نکاسیٔ آب کے آپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

راولپنڈی۔ 11 اگست (اے پی پی):راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ واسا راولپنڈی کی فیلڈ ٹیمیں نکاسیٔ آب کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان خود نکاسیٔ آب کے آپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واسا کے ڈسپوزل اسٹیشنز، ڈی واٹرنگ سیٹس اور ہیوی مشینری مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ تمام فیلڈ افسران اور متعلقہ عملہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہ کر نکاسیٔ آب کے عمل کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ کسی بھی مقام پر بارش کا پانی جمع ہونے کی صورت میں واسا کی ٹیمیں فوری کارروائی کر رہی ہیں جبکہ نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں ایک ملی میٹر، گولڑہ میں 30 ملی میٹر، بوکرہ میں ایک ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 17 ملی میٹر، شمس آباد میں 20 ملی میٹر، کچہری میں 18 ملی میٹر، پیرودھائی میں ایک ملی میٹر، گوالمنڈی میں 9 ملی میٹر جبکہ نیو کٹاریاں میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔عزیز اللہ خان نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پانی جمع ہونے والے مقامات پر احتیاط برتیں۔ انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ بارش کے دوران بچوں کو نالوں، برساتی پانی اور کھلے مین ہولز کے قریب جانے سے روکیں۔انہوں نے شہریوں سے مزید اپیل کی کہ نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر رکھنے کے لیے نالوں اور گٹروں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔