پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، جام کمال خان
پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، جام کمال خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کو ترجیحات کے تعین، پیش رفت کے جائزے اور تعاون کو اسٹریٹجک سمت دینے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام، مساوات اور مشترکہ خوشحالی کے عزم پر قائم ہیں،عالمی اقتصادی منظرنامے میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے، دوطرفہ شراکت داری کو عملی اور نتیجہ خیز تعاون میں بدلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تعاون کے حقیقی فوائد کاروباری برادری، ہنرمند افراد اور دونوں ممالک کے عوام تک پہنچنے چاہئیں،جے ایم سی اجلاس میں ہونے والی بات چیت پائیدار اور مستقبل پر مبنی پاکستان بیلاروس شراکت داری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ وفاقی تجارت نے کہا کہ مستقل رابطے اور پیش رفت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ لیبر اور انسانی وسائل کا شعبہ پاکستان بیلاروس تعاون کا اہم حصہ بن چکا ہے، ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
جام کمال خان نے کہا کہ زراعت اور فوڈ سکیورٹی پاکستان بیلاروس تعاون کے اہم ستون ہیں، زرعی ٹیکنالوجی، بیج، پیداوار میں بہتری اور فوڈ سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون سے دوطرفہ تجارت اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ جے ایم سی کے نتائج خیرسگالی کو عملی اقتصادی تعاون میں تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔پاکستان اور بیلاروس باہمی اعتماد اور تعمیری جذبے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ تقریب سے خطاب میں بیلاروس کے وزیر توانائی دزیانس ماروز نے 9ویں پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آج کا مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی روابط کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اہم بنیاد فراہم کرے گا۔پاکستان اور بیلاروس کی قیادت کے درمیان روابط انتہائی دوستانہ اور اعلیٰ سطح پر قائم ہیں۔
بیلاروسی وزیر توانائی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دوروں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ دزیانس ماروز نے کہا کہ پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کا مرکزی اور مؤثر پلیٹ فارم ہے، مشترکہ وزارتی کمیشن کے ذریعے مختلف شعبوں میں رابطے، پیش رفت اور عملی تعاون کو مسلسل فروغ مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ماہرین کی سطح پر باقاعدہ ورکنگ گروپس اور اجلاس اہم نتائج دے رہے ہیں، ماہرین کی سطح پر مسلسل اور ہدف پر مبنی روابط سے مختلف شعبوں میں ٹھوس نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
لیبر اور افرادی قوت کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت دونوں ممالک کی منظم اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ بیلاروسی وزیر توانائی نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں مشترکہ تعاون سے بھی مثبت اور عملی نتائج حاصل ہونے کی توقع ہے، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے ابھی وسیع امکانات موجود ہیں، دونوں ممالک مشترکہ کوششوں کے ذریعے دوطرفہ تعاون میں مزید نمایاں پیش رفت حاصل کریں گے۔








