وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات ، سی پیک 2.0 کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات ، سی پیک 2.0 کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، سیاسی و جماعتی روابط، سی پیک 2.0 اور دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، سیاسی اتفاق رائے اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی حمایت پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب پاکستانی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہچکچا رہے تھے، اس وقت چین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اعتماد کا مظہر ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی پاکستان اور چین کی قیادت کے مضبوط سیاسی عزم اور پختہ ارادے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی کمیونسٹ پارٹی کی تنظیم، قیادت، طرز حکمرانی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان پانچ سیاسی راہداریوں کے تحت منظم تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں جو سی پیک 2.0 کے لیے سیاسی اور ادارہ جاتی بنیاد فراہم کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعتی روابط، پالیسی تبادلوں اور نوجوان قیادت کے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے چینی نوجوان سیاسی قیادت کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے باہمی تبادلے آئندہ نسل کی قیادت میں پاک چین دوستی کے مضبوط رشتے قائم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ چینی نوجوان قیادت پاکستان کا دورہ کرکے دونوں ممالک کے عوام اور نوجوانوں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دے سکتی ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک 2.0 کو اڑان پاکستان کے فائیو ایز فریم ورک کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ پیداوار، جدت، گرین انرجی، برآمدات اور علاقائی روابط کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی، زرعی، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر چینی کمیونسٹ پارٹی کے نمائندے لیو ڈاشیو نے سی پیک کی ترقی میں پروفیسر احسن اقبال کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی کامیابی میں احسن اقبال کا اہم کردار ہے، اسی لیے چینی حلقوں میں انہیں محبت سے ’’مسٹر سی پیک‘‘ کہا جاتا ہے۔لیو ڈاشیو نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر ترقی اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے لیے مسلسل کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین سی پیک 2.0، پاکستان کے فائیو ایز اور اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن )کے درمیان جماعتی روابط، عملی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تجربات کے تبادلے، نوجوان سیاسی قیادت کے روابط اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی و جماعتی روابط کو مزید مستحکم کرتے ہوئے سی پیک 2.0 کے تحت عملی اور ترقیاتی تعاون کو نئی رفتار دی جائے گی۔