کوئٹہ کوئلہ کان حادثے کی ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انجینئر امیر مقام کا شہدا کے لواحقین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

کوئٹہ کوئلہ کان حادثے کی ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انجینئر امیر مقام کا شہدا کے لواحقین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

شانگلہ۔ 12 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کوئٹہ کوئلہ کان حادثے کی ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جرگہ ہال الپوری، شانگلہ میں کوئٹہ کوئلہ کان دھماکے کے شہدا کے لواحقین میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر شہداکے لواحقین کو فی متاثرہ خاندان 10، 10 لاکھ روپے کے چیکس دیئے گئے۔تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی رشاد خان، مسلم لیگ(ن) کی مقامی قیادت اور وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے، یہاں آنے کا مقصد صرف چیک تقسیم کرنا نہیں بلکہ متاثرہ خاندانوں کے مسائل کا براہِ راست جائزہ لینا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام متاثرہ خاندانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں، متاثرہ خاندانوں کو مزید امدادی چیک بھی جلد فراہم کیے جائیں گے، وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شانگلہ کے مزدور ملک کے چاروں صوبوں میں کام کر رہے ہیں، مزدوروں کی آسانی کےلیے شانگلہ میں یو بی آئی کا دفتر قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے نمائندے اور مزدوروں کے نمائندے مل بیٹھ کر کوئلہ کانوں کو محفوظ بنانے کا حل نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کوئلہ کان حادثے کی ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، حادثے کی تحقیقات کےلیے انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کوئلہ کان مزدوروں کے تمام جائز مطالبات جلد حل کیے جائیں گے، حادثات میں شہید ہونے والے مزدوروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات ورکر ویلفیئر فنڈ برداشت کرے گا، شہید مزدوروں کے بچوں کی فیس، ہاسٹل اور دیگر تعلیمی اخراجات ورکر ویلفیئر فنڈ ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کا جذبہ رکھنے والا ہر شخص متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے آگے بڑھے گا، ہماری سیاست کا محور عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت بھی متاثرہ خاندانوں کی خدمت اور تعاون کےلیے عملی اقدامات کرے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جہیز گرانٹ کی مد میں ورکر ویلفیئر فنڈ سے 6 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے، سکل ڈیولپمنٹ اسکیم کے ذریعے شانگلہ کے بچوں کو ہنرمند بنایا جائے گا، وفاقی اور بلوچستان حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو مجموعی طور پر 32،32 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شانگلہ کےلیے دانش سکول کا تحفہ دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں، دانش سکول میں شانگلہ کے بچے مفت تعلیم حاصل کریں گے، شانگلہ میں زمین کی دستیابی کے ساتھ ہی دانش سکول کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شانگلہ کی ترقی کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے، شانگلہ میں تین گرڈ سٹیشن قائم کیے، بشام روڈ سمیت شانگلہ کے مختلف تحصیلوں میں سڑکیں تعمیر کیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو ملنے والی عزت اور کامیابی پوری پاکستانی قوم کی کامیابی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے پر پوری قوم کو فخر ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں سے پاکستان اور امتِ مسلمہ کو کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے، دنیا بھر میں پاکستانی عوام کو اب قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان پر بھی پڑ رہا ہے، عالمی امن اور مارکیٹ میں استحکام آنے پر اس کا فائدہ عوام کو براہِ راست منتقل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی جماعت ہے اور ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔

 

مزید خبریں