پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے آئینی حقوق، مذہبی آزادی، مساوات اور انسانی وقار کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا،آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے آئینی حقوق، مذہبی آزادی، مساوات اور انسانی وقار کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا،آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

اسلام آباد/راولپنڈی۔12اگست (اے پی پی):کیتھولک ڈائیوسیز اسلام آباد، راولپنڈی کے آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر حکومت، مسلح افواج، قومی اداروں، سول سوسائٹی اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آئینی حقوق، مذہبی آزادی، مساوات اور انسانی وقار کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔یوم آزادی کے حوالے سے اپنے پیغام میں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں قیام پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد دلاتا اور ملک کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے تجدید عہد کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریک پاکستان کے رہنمائوں اور قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والے تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اتحاد، ایمان، نظم و ضبط، انصاف، مساوات، مذہبی ہم آہنگی اور انسانی وقار کے احترام سے وابستہ ہے۔آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان میں مذہب، ذات، نسل، زبان یا سماجی پس منظر سے قطع نظر تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مواقع، تحفظ اور عزت حاصل ہونی چاہیے، اس وژن کی تکمیل کے لیے آئینی حقوق، مذہبی آزادی، شخصی تحفظ اور تمام برادریوں کی مساوی شرکت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں بالخصوص پاکستانی مسیحیوں نے تعلیم، صحت، دفاع، سرکاری انتظامیہ، سماجی بہبود، انسانی امداد اور قومی ترقی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ مسیحی برادری پاکستان کی وفادار اور ذمہ دار شہری ہے اور ملک کے امن، استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے حکومت، قومی اداروں، مذہبی قیادت، میڈیا اور معاشرے پر زور دیا کہ نفرت، امتیازی سلوک، انتہاپسندی، تشدد اور مذہبی عدم برداشت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ باہمی احترام، مکالمے، ہمدردی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں جبکہ نوجوانوں کو تعلیم، دیانت داری، نظم و ضبط، محنت اور خدمت کے ذریعے ذمہ دار شہری اور امن کے سفیر بننے کی تلقین کی۔

آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے، قیادت کی رہنمائی کرے اور ملک کو پائیدار امن، اتحاد، انصاف، ترقی، سلامتی اور خوشحالی عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کا جشن صرف تقریبات اور الفاظ تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اپنے کردار، خدمت اور ایک دوسرے کے ساتھ وابستگی کے ذریعے ایسا پاکستان تعمیر کرنا چاہیے جہاں ہر شہری خود کو محفوظ، باعزت اور برابر کا شہری محسوس کرے۔