ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں عالمی یوم نوجوانان اور بین الاقوامی انسانی قانون کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد

ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں عالمی یوم نوجوانان اور بین الاقوامی انسانی قانون کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں عالمی یوم نوجوانان اور بین الاقوامی انسانی قانون کے موقع پر "Youth as Advocates for a Better Tomorrow” کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں عالمی سفیروں، امدادی اداروں، آئی سی آر سی، آئی ایف آر سی اور ریڈ کراس کے نمائندوں سمیت ملازمین اور رضاکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے انسانی وقار کے تحفظ، افہام و تفہیم کے فروغ اور ہنگامی حالات میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک نے کہا کہ ’’ریڈ ملین انیشی ایٹو‘‘ کے ذریعے نوجوانوں کو ضروری تربیت اور مہارت دی جا رہی ہے تاکہ وہ کمیونٹیز کی خدمت اور غلط معلومات کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔ آئی ایف آر سی کے ہیڈ آف ڈیلیگیشن اینڈریاس وان وائسن برگ نے ورلڈ ڈیزاسٹرز رپورٹ 2026 کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ غلط معلومات ایک نیا انسانی بحران بن رہی ہیں جو امدادی کاموں میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں۔سیکریٹری جنرل محمد عبیداللہ خان نے استقبالیہ خطاب میں رضاکاروں کو تنظیم کی اصل طاقت قرار دیتے ہوئے قدرتی آفات اور سماجی بہبود میں ان کی خدمات کو سراہا۔

تقریب کے دوران بین الاقوامی انسانی قانون پر انٹرایکٹو سیشن، دستاویزی فلمیں اور آگاہی پر مبنی ٹیبلو بھی پیش کیا گیا۔ اختتام پر یوتھ مینٹورشپ پروگرام کے فارغ التحصیل رضاکاروں اور یوتھ کلبز کو اسناد اور شیلڈز دی گئیں جبکہ چمن بارڈر پر خدمات انجام دینے والے رضاکار عمران شاہ کو بھی خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔