راولپنڈی میں اہم روڈز اور واٹر سپلائی سکیموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت منعقد ہوا
راولپنڈی، اہم سڑکوں اور واٹر سپلائی سکیموں کی منظوری کے لیے تجاویز طلب

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 12 اگست (اے پی پی):راولپنڈی میں اہم روڈز اور واٹر سپلائی سکیموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایف اینڈ پی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز و میونسپل سروسز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت ضلع راولپنڈی میں اہم سڑکوں اور واٹر سپلائی کی نئی سکیموں کی نشاندہی اور انہیں منظوری کے لیے حکومت پنجاب کو بھجوانے کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں عوامی ضرورت اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم روڈز اور واٹر سپلائی سکیموں کی جامع تجاویز مرتب کی جائیں، تاکہ ان سکیموں کو منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوایا جا سکے۔
اجلاس میں سی او ضلع کونسل کی جانب سے بوستان خان روڈ، چکری روڈ اور کھنہ روڈ کی بہتری و تعمیر سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں عوامی ضروریات کے مطابق اہم ترقیاتی سکیموں کی نشاندہی کرکے تجاویز پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ سکیموں کے باقاعدہ تخمینے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ سے لگوائے جائیں، جبکہ واٹر سپلائی سے متعلق سکیموں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوایا جائے۔








