وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کا درجہ پاکستان کے لیے ایک زبردست موقع ہے، پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو اہمیت دیتا ہے جبکہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات جاری ہیں۔
جی ایس پی پلس کا درجہ پاکستان کیلئے زبردست موقع ہے، پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو اہمیت دیتا ہے، اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کا درجہ پاکستان کے لیے ایک زبردست موقع ہے، پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو اہمیت دیتا ہے جبکہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات جاری ہیں۔وہ بدھ کو یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک اور سیکریٹری وزارت انسانی حقوق بھی شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات، جی ایس پی پلس، انسانی حقوق سے متعلق ترجیحات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے انسانی حقوق کے قومی ایکشن پلان 2026ء پر عملدرآمد، انسانی حقوق کے اداروں کی استعداد کار اور موثر فعالیت بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔وفاقی وزیر نے یورپی یونین کے وفد کو بچوں کے حقوق اور تحفظ سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لیبر، چائلڈ میرج اور اقلیتوں کے حقوق کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں سے متعلق قومی کمیشن کو بھی جلد فعال کیا جا رہا ہے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بچوں پر تشدد، ریپ کیسز اور صنفی امتیاز کے خاتمے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کے معاہدوں پر رپورٹنگ اور فالو اَپ میکنزم سے متعلق امور بھی ملاقات میں زیر بحث آئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ مل کر جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے فروغ میں پاکستان اور یورپی یونین کا تعاون انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے جی ایس پی پلس ترجیحات پر مزید مؤثر پیش رفت کے عزم کا اظہار کیا۔یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے انسانی حقوق سے متعلق شقوں پر عملدرآمد میں پاکستان کی پیش رفت کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔








