چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی بحیرہ احمر میں غیر جنگی تجارتی بحری جہاز پر حوثی حملے کی شدید مذمت
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی بحیرہ احمر میں غیر جنگی تجارتی بحری جہاز پر حوثی حملے کی شدید مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل (پی یو سی) کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بحیرہ احمر میں غیر جنگی تجارتی بحری جہاز پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی جانب سے جاری کردہ مذمتی بیان کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں اور تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے حملے میں تین پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ بحیرہ احمر اور باب المندب میں تجارتی بحری جہازوں پر حملے عالمی امن، بحری سلامتی، آزادانہ جہاز رانی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ تجارتی بحری جہازوں پر حملوں کی روک تھام اور اہم بین الاقوامی بحری راستوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے موثر، مضبوط اور متفقہ اقدامات کیے جائیں۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستانی قوم جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے جاں بحق پاکستانی شہریوں کے جسد خاکی وطن واپس لانے اور زخمی پاکستانی شہری کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے اور زخمی پاکستانی شہری کو جلد صحت کاملہ نصیب فرمائے۔








