پاکستان اور بیلاروس نے مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ بیلاروس کے وزیرِ توانائی ڈزینس ماروز، جو ان دنوں پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، نے بدھ کو وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
پاکستان اور بیلاروس کا مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):پاکستان اور بیلاروس نے مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ بیلاروس کے وزیرِ توانائی ڈزینس ماروز، جو ان دنوں پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، نے بدھ کو وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے بیلاروس کے وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے نومبر 2024 میں صدر لوکاشینکو کے اسلام آباد کے دورے اور اپریل 2025 میں اپنے دورۂ بیلاروس کو خوشگوار انداز میں یاد کیا، جن سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔ وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں منعقدہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس کے دوران ہونے والے مفید مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں دونوں جانب سے تجارت، صنعت، زراعت، بینکاری، افرادی قوت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں فریقوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے نتائج دونوں ممالک کے لیے عملی فوائد کا باعث بنیں گے اور پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے۔بیلاروس کے وزیرِ توانائی نے پرتپاک استقبال پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور بیلاروس کی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کو مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے دوران ہونے والی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا۔ دونوں فریقوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے تمام شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔








