ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (امپلی مینٹیشن) عبدالرحمن خان، ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان، سی او ہیلتھ، ڈی ایچ او ہیلتھ اور ایریا انچارجز نے شرکت کی۔ا
انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ، 5 لاکھ 94 ہزار سے زائد بچوں کی کوریج

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 12 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (امپلی مینٹیشن) عبدالرحمن خان، ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان، سی او ہیلتھ، ڈی ایچ او ہیلتھ اور ایریا انچارجز نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع راولپنڈی میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی، بچوں کی کوریج، مسنگ کیسز، ٹرانزٹ پوائنٹس اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق تیسرے روز ضلع راولپنڈی میں 7 لاکھ 74 ہزار 546 بچوں کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 5 لاکھ 94 ہزار 259 بچوں کی کوریج حاصل کی گئی، جو 77 فیصد ہے۔
راولپنڈی رورل میں 82 فیصد، راولپنڈی سٹی میں 75 فیصد، ٹیکسلا میں 74 فیصد جبکہ راولپنڈی کینٹ میں 73 فیصد کوریج ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق مہم کے تیسرے روز مجموعی طور پر 1 لاکھ 11 ہزار 407 مسنگ کیسز ریکارڈ ہوئے، جن میں سے 45 ہزار 648 بچوں کو اسی روز کور کیا گیا جبکہ 65 ہزار 759 تاحال مسنگ ہیں۔مہم کے دوران گھروں سے باہر موجود بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا سلسلہ جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب تک 1 لاکھ 15 ہزار 573 بچوں کو گھروں سے باہرمختلف مقامات پر کور کیا گیا، جن میں ٹرانزٹ پوائنٹس، اسکولز، فکسڈ سائٹس اور دیگر مقامات شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ضلع راولپنڈی میں اب تک 1 لاکھ 10 ہزار 101 بچوں کی رجسٹریشن کی گئی، جن میں سے 95 ہزار 277 بچوں کو ویکسین پلائی جا چکی ہے، جو مجموعی طور پر 86.5 فیصد کوریج بنتی ہے۔اجلاس میں مسنگ بچوں کی مکمل کوریج پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مارکیٹ سروے کے ذریعے پولیو ڈراپس سے محروم بچوں کی نشاندہی، ان کی تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم کرنے اور ایسے علاقوں میں سوئپ سرگرمی کے ذریعے مزید بچوں کو کور کرنے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مہم کے دوران اب تک 1,844 زیرو ڈوز بچے بھی رپورٹ ہوئے، جن میں راولپنڈی رورل سے 638، راولپنڈی کینٹ سے 435، راولپنڈی سٹی سے 410 اور ٹیکسلا سے 361 بچے شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے مہم کی موثر نگرانی، مسنگ بچوں کی فوری کوریج اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ میں موجود پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے آخری روز تک کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سو فیصد کوریج یقینی بنائی جائے۔








