راولپنڈی چیمبر کی تقریب میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی میڈیا سے گفتگو

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) اور تاجر برادری کی ملکی معیشت، ایس ایم ایز کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، موجودہ بجٹ اور معاشی چیلنجز کے دوران راولپنڈی چیمبر نے صدر عثمان شوکت کی قیادت میں حکومت کے ساتھ بہترین تعاون …

راولپنڈی۔ 13 اگست (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) اور تاجر برادری کی ملکی معیشت، ایس ایم ایز کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، موجودہ بجٹ اور معاشی چیلنجز کے دوران راولپنڈی چیمبر نے صدر عثمان شوکت کی قیادت میں حکومت کے ساتھ بہترین تعاون کیا ہے۔وہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

تقریب میں اسپین کے سفیر نے بھی شرکت کی جنہیں فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والے اور اسپین کی فتح سے منسوب پاکستان کے تیار کردہ فٹبال کا تحفہ پیش کیا گیا۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی سمیت حالیہ علاقائی و عالمی بحرانوں کے باعث دنیا ایک بڑی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی تھی جبکہ بین الاقوامی تنازعات کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا،تاہم حکومت نے مؤثر حکمت عملی کے تحت ملک میں پٹرول کی قلت اور ہنگامی صورتحال پیدا نہیں ہونے دی۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے کوششیں قابل تحسین ہیں اور وہ مشترکہ طور پر امن کے نوبل انعام کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور معیشت کے شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ جنگی میدان میں شکست کے بعد وہ مختلف علاقوں میں ملک دشمن عناصر کے ذریعے انتشار پھیلانے کی سازشیں کر رہا ہے، تاہم پاکستانی قوم اور باصلاحیت نوجوان دشمن کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے جامع پالیسی فریم ورک تشکیل دیا ہے جس کے تحت لیبر فورس میں خواتین کے لیے کم از کم 35 فیصد کوٹہ اور ہر سال 10 فیصد نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ گراس روٹ لیول پر ایس ایم ایز اور اسٹارٹ اپس کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے ’’ویژن 2047‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے 100 سال مکمل ہونے پر ملک کے مستقبل کا روڈ میپ پاکستانی قوم اور نوجوان خود تیار کریں گے۔ اس مقصد کے لیے وزیراعظم ایک کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں جو آئندہ چھ ماہ کے دوران عوام اور نوجوانوں سے تعلیم، معیشت، روزگار اور ماحولیات کے حوالے سے تجاویز حاصل کرے گی۔رانا مشہود نے بتایا کہ تجاویز کے بعد دو ماہ کے اندر پالیسی کا مسودہ تیار کر کے دوبارہ عوام کی رائے کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ 14 اگست 2027 کو ’’ویژن 2047‘‘ کا باضابطہ اور مکمل فریم ورک نافذ کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان شفافیت، جوابدہی اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے اور پوری قوم متحد ہو کر 2047 میں دنیا کی قیادت کرنے والے پاکستان کی بنیاد رکھ رہی ہے۔

 

مزید خبریں