آئی سی سی آئی انٹرنیشنل ایکسیلینس ایوارڈ 2026 ،استنبول میں ممتاز کاروباری رہنماؤں کو اعزازات سے نوازا گیا ، پاکستان، ترکیہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے، خواجہ خرم نعیم

آئی سی سی آئی انٹرنیشنل ایکسیلینس ایوارڈ 2026 ،استنبول میں ممتاز کاروباری رہنماؤں کو اعزازات سے نوازا گیا ، پاکستان، ترکیہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے، خواجہ خرم نعیم

استنبول۔14اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے استنبول میں انٹرنیشنل ایکسی لینس ایوارڈز 2026 کی شاندار تقریب منعقد کی جس میں اعلیٰ ترک حکام، سفارت کاروں، پاکستان اور ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنماؤں اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد پاکستان کی کاروباری برادری کی شاندار کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہنے کے ساتھ ساتھ دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے تقریباً 40 ممتاز کاروباری رہنماؤں کو ان کی غیر معمولی خدمات اور قومی معیشت میں نمایاں کردار کے اعتراف میں انٹرنیشنل ایکسیلینس ایوارڈز دئیے گئے۔تقریب میں استنبول کے ڈپٹی گورنر مہمت شلون، استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل خواجہ خرم نعیم، آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، استنبول چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو بورڈ ممبر منیر استن اور آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب سمیت دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

ایوارڈز بھی مذکورہ معزز شخصیات نے مشترکہ طور پر تقسیم کیے۔تقریب کے چیف گیسٹ اور ڈپٹی گورنر استنبول مہمت شلون نے ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستانی کاروباری رہنماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے آئی سی سی آئی کی جانب سے پاکستانی کاروباری برادری کو ترکی لانے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لانے کی کاوش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے پلیٹ فارمز پاکستان اور ترکیہ کے کاروباری شعبوں کے درمیان براہِ راست روابط، مشترکہ منصوبوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کاروباری رہنما صرف تجارت نہیں کر رہے بلکہ دو برادر ممالک کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور مفاہمت کے پل بھی مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیروغلو، استنبول میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل اور اس اہم تقریب کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون آنے والی نسلوں تک مزید مضبوط اور مستحکم ہوتا رہے گا۔استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل خواجہ خرم نعیم نے آئی سی سی آئی کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط سیاسی اور برادرانہ تعلقات کو وسیع تر تجارتی اور معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے کاروباری برادری کے درمیان براہِ راست روابط مزید بڑھانا ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قونصلیٹ پاکستانی کاروباری برادری کو ترکی میں تجارتی روابط اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرتا رہے گا۔اپنے افتتاحی خطاب میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے پاکستان اور ترکی کے گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی دونوں ممالک کی قیادت کے مقرر کردہ بلند تجارتی و سرمایہ کاری اہداف کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پاکستان کو عالمی کاروباری نقشے پر مزید مؤثر انداز میں متعارف کرانے، برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی کاروباری شراکت داریوں کے قیام کے لیے ایک عالمی کاروباری پل کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور نجی شعبے کے لیے زیادہ مسابقتی ماحول تشکیل دینے کے لیے بھی کوشاں ہے۔استنبول چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو بورڈ ممبر منیر استن نے پاکستان اور ترکی کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے آئی سی سی آئی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اداروں اور نجی شعبوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقاعدہ کاروباری وفود، بی ٹو بی ملاقاتیں اور مشترکہ کاروباری اقدامات دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مگر ابھی تک غیر دریافت شدہ امکانات کو بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔فیصل ٹاؤن گروپ کے ڈائریکٹر زوہیر مجید نے کہا کہ پاکستانی کاروباری رہنماؤں کو عالمی سطح پر اعزازات سے نوازنا اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کا نجی شعبہ عالمی منڈیوں میں کامیابی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت، تجربہ، عزم اور کاروباری استعداد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط کاروباری شراکت داری سے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، برآمدات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

تقریب کو آئی سی سی آئی کی ایک اہم بین الاقوامی کاوش قرار دیتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کی کاروباری صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے امکانات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انٹرنیشنل ایکسی لینس ایوارڈز 2026 نے اس عزم کو مزید تقویت دی کہ پاکستان اور ترکی کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری میں تبدیل کرتے ہوئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے۔

 

مزید خبریں