کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسلام آباد سمیت مختلف علاقائی کیمپسز کے طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب میں نوجوانوں کو علم، قیادت، جدت اور خدمت کے ذریعے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی …
کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسلام آباد سمیت مختلف علاقائی کیمپسز کے طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب میں نوجوانوں کو علم، قیادت، جدت اور خدمت کے ذریعے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی ذمہ داری صرف طلبہ کو تعلیمی اسناد فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے قابل بنانا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ایسے پیشہ ور افراد، کاروباری شخصیات، اختراع کاروں اور مستقبل کے رہنماؤں کی تیاری پر توجہ دے رہی ہے جو اپنے علم کو عملی مسائل کے حل کیلئے استعمال کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی بالخصوص مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے اثرات کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ کامسیٹس یونیورسٹی جدید اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کیلئے اے آئی پر مبنی Adaptive Learning Model سمیت مختلف اقدامات کر رہی ہے۔یوم آزادی کی مناسبت سے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے اسلام آباد کیمپس کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر مجید اقبال کے ہمراہ کیمپس میں پودا بھی لگایا، جبکہ دیگر کیمپسز کے طلبہ نے بھی شجرکاری کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
بعد ازاں طلبہ کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن منعقد ہوا، جس میں لاہور، اٹک، واہ اور وہاڑی کیمپسز کے طلبہ نے شرکت کی۔ سیشن میں طلبہ میں قیادت، خود اعتمادی، ذمہ داری اور بدلتے ہوئے حالات سے نمٹنے کی صلاحیتیں اجاگر کرنے پر توجہ دی گئی۔اس موقع پر یونیورسٹی کے 6-C فریم ورک کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی، جس کا مقصد طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق علم، مہارت اور صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
ریکٹر نے کہا کہ مستقبل کے گریجویٹس کو صرف تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے قابل نہیں بلکہ نئے مواقع پیدا کرنے، مسائل کے حل تلاش کرنے اور تبدیلی کی قیادت کرنے کے قابل بھی ہونا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کامسیٹس یونیورسٹی ایسے گریجویٹس تیار کرنے کیلئے کوشاں ہے جو محض ڈگری ہولڈرز نہ ہوں بلکہ پیشہ ور افراد، کاروباری شخصیات، اختراع کار اور رہنما بن کر ایک مضبوط، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔







