پاکستان اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی مانسہرہ میں یومِ آزادی کی تقریب ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت
پاکستان اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی مانسہرہ میں یومِ آزادی کی تقریب ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

مزید خبریں
پشاور۔ 15 اگست (اے پی پی):پاکستان اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی مانسہرہ میں یومِ آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے پرچم کشائی کی، یومِ آزادی کا کیک کاٹا اور شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے شہداء کی یادگار پر حاضری دی جہاں ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور ترقی کےلیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں پرنسپل پاکستان اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی بریگیڈیئر ریٹائرڈ عبدالحفیظ، ایڈجوٹنٹ کیپٹن حسین، پروفیسر اکرام سرور، اساتذہ کرام، کیڈٹس اور دیگر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی میں یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت پر انہیں بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ 14 اگست کو پاکستان معرضِ وجود میں آیا اور قیامِ پاکستان کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔ انہوں نے پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کے باعث ہم آج آزاد اور پُرامن زندگی گزار رہے ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ اس ادارے سے فارغ التحصیل طلبہ ملک و قوم کی خدمت اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ کل آپ نے یہاں سے عملی زندگی میں قدم رکھنا ہے، ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں اور توانائیوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔
وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کیڈٹ کالج نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ طلبہ کی کردار سازی اور تربیت میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے ادارے کی انتظامیہ کو طلبہ کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے خدمات پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔ کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر ریٹائرڈ عبدالحفیظ نے خطاب کرتے ہوئے گورنر اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کو آج مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، دشمن ہر طرف سے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ ملک و قوم کے دفاع کے لیے بے مثال خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی موجودگی میں کوئی دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ پاکستان اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی کی بنیاد سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے رکھی تھی۔ادارے کے قیام کا مقصد ملک و قوم کے لیے مستقبل کے معمار اور باصلاحیت قیادت تیار کرنا تھا۔ اس کالج سے ہزاروں طلبہ فارغ التحصیل ہو کر مختلف شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے مختصر نوٹس پر تقریب میں شرکت کرنے پر وہ تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں حصولِ علم اور کردار سازی پر مرکوز رکھیں۔







