"پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے یومِ آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔”
پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی کے سلسلے میں تقریب

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 15 اگست (اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے یومِ آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
گزشتہ روز ہونے والی اس تقریب میں پرچم کشائی، کیک کٹنگ، ملی نغموں، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے گئے۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت، حکومتِ پنجاب، شازیہ رضوان تھیں جنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی شعور اور پاکستان سے محبت کے جذبات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی شاندار پرفارمنس اور ان کے جذبۂ حب الوطنی کی خصوصی طور پر تعریف کی۔تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے جن کے ذریعے تحریکِ آزادی، ہمارے بزرگوں کی قربانیوں اور وطن سے محبت کے جذبات کو اجاگر کیا گیا۔ پرچم کشائی اور کیک کٹنگ کی تقریب نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو مزید دوبالا کر دیا، جبکہ طلبہ کی پرفارمنس کو حاضرین نے بھرپور داد دی۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ایک سو پچاسویں برتھ ڈے کےحوالے سے بھی کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی، محمد شکور نے مہمانِ خصوصی، معزز مہمانوں، حاضرین اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے تعاون اور کاوشوں کو سراہا جن کے ذریعے طلبہ کو یومِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کا موقع ملا۔








