ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ پیرسے شروع ہوگا، 38ممالک کے کھلاڑی شریک ہوں گے

"ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیئن ریجن کا آغاز 17 اگست سے لاہور میں ہوگا، جس میں 38 ممالک کے 874 ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔ ایونٹ میں جاپان، کوریا، انگلینڈ، آسٹریلیا، انڈونیشیا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔”

لاہور۔16اگست (اے پی پی):ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیئن ریجن کا آغاز کل17 اگست سے لاہور میں ہوگا۔ترجمان کے مطابق جناح اسپورٹس کمپلیکس کینٹ لاہور میں منعقد ہونے والے ایونٹ میں جاپان، کوریا، انگلینڈ، آسٹریلیا، انڈونیشیاء، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت38 ممالک کے 874 ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔

چیمپئن شپ میں مرد و خواتین کے علاوہ پیرا تائیکوانڈو کے کھلاڑی بھی شرکت کریں گے،ایونٹ21 اگست تک جاری رہے گا۔پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے چیئرمین لیفٹیننٹ کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے صدر ایشیئن تائیکوانڈو یونین سنگ جن کِم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں منعقد ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا بڑا ایونٹ ہے جس میں اتنی بڑی تعداد میں ممالک شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں کامیاب رہا تو مستقبل میں تائیکوانڈو ایشیاء کپ اور اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کی میزبانی بھی پاکستان کو مل سکتی ہے۔اس موقع پر صدر ایشیئن تائیکوانڈو یونین سنگ جن کِم نے کہا کہ پاکستان میں ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیئن ریجن کی میزبانی پر خوشی ہے، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے ایونٹ کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح کے ایونٹ کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ لاہور ایک ثقافتی شہر اور یہاں آکر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔دیگر عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان میں تائیکوانڈوکے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ایسے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد انتہائی اہم ہے،اس سے ملک میں تائیکوانڈو کو مزید مقبولیت حاصل ہوگی اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع ملیں گے۔