"خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا۔ شفیع جان نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبے میں صوبہ عالمی سطح پر ملک کی شناخت بنا رہا ہے۔”
خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ عالمی ایوارڈ کےلئے نامزد،ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی میں صوبہ عالمی سطح پر ملک کی شناخت بنا رہا ہے،شفیع جان

مزید خبریں
پشاور۔ 16 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی میں خیبر پختونخوا عالمی سطح پر ملک کی شناخت بنا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کو ڈیجیٹل شعبے میں بہترین کارکردگی اور جدت کے اعتراف میں ایشیائی اور اوقیانوسی کمپیوٹر انڈسٹری آرگنائزیشن کے عالمی ایوارڈ 2026 کےلیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کا انتخاب صوبے میں ڈیجیٹل گورننس اور عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اقدامات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی اور اوقیانوسی کمپیوٹر انڈسٹری آرگنائزیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کی کارکردگی کا اعتراف حکومت اور عوام کے لیے قابل فخر لمحہ ہے، خیبر پختونخوا حکومت جدید ٹیکنالوجی کو عوامی خدمات میں بہتری، سرکاری خدمات کو آسان اور حکومتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبر پختونخوا کو جدید ٹیکنالوجی کا مرکز بنانا موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، خیبر پختونخوا حکومت عوام کو شفاف اور مؤثر خدمات کی فراہمی کےلیے ڈیجیٹل اصلاحات کے ایجنڈے پر بھرپور عمل پیرا ہے۔ ڈیجیٹل گورننس اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے خیبرپختونخوا میں عوامی خدمات کی فراہمی مزید آسان اور مؤثر بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کو ڈیجیٹل ترقی کے میدان میں مزید آگے لے جانے اور عالمی سطح پر اپنی شناخت مزید مستحکم کرنے کےلیے اقدامات جاری رکھے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ایشیائی اور اوقیانوسی کمپیوٹر انڈسٹری آرگنائزیشن کا ڈیجیٹل گورنمنٹ ایوارڈ 2026 انڈونیشیا میں دیا جائے گا۔ یہ سمٹ 5 سے 7 اکتوبر 2026 تک انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں منعقد ہوگی۔








